امریکی مصنفین کی تنظیم رائٹر گلڈ سٹوڈیوز سے عارضی معاہدے پر متفق ، تین ماہ سے جاری ہڑتال ختم

پیر 11 فروری 2008 12:46

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری۔2008) امریکہ کے ہڑتالی فلم اور ٹی وی مصنفین کی تنظیم رائٹر گلڈ آف امریکہ کے رہنماوٴں نے اپنے ممبران کو بتایا ہے کہ وہ سٹوڈیوز سے ایک عارضی معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی تین ماہ سے جاری ہڑتال ختم ہوگئی ہے۔ گلڈ کے ممبران کو ایک ای میل کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ حالانکہ جو معاہدہ ہوا نہ وہ بہترین ہے نہ ہی اس میں وہ سارے مطالبات مانے گئے ہیں جس کے ہم حق دار ہیں لیکن ہماری ہڑتال کامیاب رہی۔

ڈبلیو جی اے کے ممبران نے معاہدے کے متن پرگزشتہ روز کو نیویارک اور لاس اینجلس میں ہونے والے دو اجلاسوں میں غور کیا۔ رائٹرز گلڈ آف امریکہ کے صدر مائیکل ونشپ نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان جوش سے بھرپور بات چیت ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ تکمیل تک پہنچے گا۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ معاہدہ ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اور یہ جب ہی ممکن ہے جب ہڑتال کرنیو الے ممبران اس پر اپنی مہر لگا دیں لیکن نیویارک کی میٹنگ میں حصہ لینے والے 500 ممبران نے اس حوالے سے مثبت اشارے دیے ہیں۔

اس سے پہلے مسٹر ونشپ اور انکے ہم منصف پیٹرک ویرونا نے ممبران کو بتایا تھا کہ سفارش کردہ معاہدہ ہمارے مستقبل کی بہتری کے لیے ہے۔ معاہدے کے تحت انٹرنیٹ ہی مواد کو بنانے اور اس کی ڈلیوری کا بنیادی ذریعہ رہے گا۔ گزشتہ برس 5 نومبر کوگلڈ کے تقریباً دس ہزار افراد نے سٹوڈیو کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم ہونے کے بعد ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ ہڑتال کے سبب لاس اینجلس کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کو 650 ملین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

یاد رہے کہ اس ہڑتال سے فلم اور ٹی وی پروڈکشن کا کام بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے گزشتہ ماہ ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب بھی منسوخ کرنی پڑی تھی۔اس ممکنہ معاہدے کے بعد فلمی صنعت کے سب سے بڑے ایوارڈزآسکرز بھی اپنے مقررہ وقت پر 24 فروری کو منعقد ہو سکیں گے۔
وقت اشاعت : 11/02/2008 - 12:46:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :