مشہور بھارتی فلم ڈائریکٹر کرن جوہر مس ورلڈ 2006 کے مقابلہ حسن میں جج کے فرائض سرانجام دیں گے

جمعرات 21 ستمبر 2006 15:06

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) مشہور بھارتی فلم ڈائریکٹر کرن جوہر مس ورلڈ 2006 کے مقابلہ حسن میں جج کے فرائض سرانجام دیں گے۔ کرن جوہر پہلے بھارتی فلم میکر ہیں جو مس ورلڈکے مقابلہ حسن کے لئے بطور جج منتخب ہوئے ہیں۔کرن جوہر کو اس بات کی اطلاع ٹورنٹو میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران دی گئی۔کرن جوہر کا کہنا ہے کہ ان کا مس ورلڈ کے مقابلہ کے لئے جج کا انتخاب دنیا بھر میں بالی وڈ کی مقبولیت کا نتیجہ ہے۔

کرن جوہر اس سے پہلے بھی بھارت میں حسیناوٴں کے چند مقابلوں میں بطور جج شرکت کر چکے ہیں مگر یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وہ کسی عالمی مقابلہ حسن میں جج کے طور پر شریک ہونگے۔ 56 ویں عالمی مقابلہ حسن مس ورلڈ 2006ء کا انعقاد30 ستمبر کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ہوگا۔

(جاری ہے)

بالی وڈ کو دنیا بھر میں مقبول قرار دینے والے ڈائریکٹر کرن جوھر کی فلم” کبھی الوداع نہ کہنا“ کی اس سال کے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کی گئی۔

کرن جوہر نے اس انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسی فلم ڈائریکٹر کا ان مقابلوں کے لئے بھارت سے بطور جج منتخب ہونا بھارت کی ایک اور ثقافتی کامیابی ہے۔ماضی میں پانچ دفعہ بھارتی حسینائیں ان مقابلوں میں مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ 2005 ء کی مس ورلڈ کا تعلق یورپی ملک آئس لینڈ سے تھا۔
وقت اشاعت : 21/09/2006 - 15:06:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :