کھیلوں کے بجٹ میں 100فیصد اضافہ حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے، خالد سجاد کھوکھر، شہباز سینئر

منگل 14 جون 2016 23:19

کھیلوں کے بجٹ میں 100فیصد اضافہ حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے، خالد سجاد کھوکھر، شہباز سینئر

لاہور۔14 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جون ۔2016ء )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹر ی شہباز سینئر نے پنجاب کے کھیلوں کے بجٹ میں 100فیصد اضافہ کو حکومت پنجاب کا اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صوبہ میں کھیلوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا ،اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ کھیلوں کے بجٹ میں تاریخی اضافہ پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں ،وزیر اعلی نے ہمیشہ کھیلوں سے پیار کیا ہے اور وہ صوبہ میں کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ بجٹ میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹر ٹرف کی تبدیلی کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے ،اس سے قومی کھیل ہاکی کو فروغ ملے گا ،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی طرف سے کھیلوں کی ترقی کیلئے بھاری رقم کے مختص کیئے جانے کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ، اس سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی تمام سہولتیں ملیں گی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا ،لاہور میں ملٹی مقاصد کیلئے پارکنگ پلازہ جس میں کھلاڑیوں کیلئے انٹرنیشنل ہوسٹل ،فائیو سٹا ر ہوٹل اور میوزیم شامل ہے کی تعمیر سے غیر ملکی ٹیموں کی سیکورٹی میں آسانی ہوگی اور غیر ملکی ٹیموں کو سٹیڈیم میں جانے کیلئے زیادہ سفر نہیں کرنا پڑے گا ،انہوں نے کہاکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاکی سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں جس سے صوبہ میں ہاکی کے کھیل کی ترقی ہوگی ،پنجاب حکومت صوبہ میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے جس میں صوبہ بھر میں کھیلوں کے انفرسٹرکچر کا قائم کیا جانا اور کھلاڑیوں کو کوچنگ اور دیگر سہولیات فراہم کیا جانا شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک کے دوسرے صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کھیلوں کیلئے زیادہ سے زیادہ رقم بجٹ میں مختص کرنی چاہئے ۔

وقت اشاعت : 14/06/2016 - 23:19:55