فلم کا معاوضہ صرف ایک روپے

نوازالدین صدیقی کو فلم کا اسکرپٹ اچھا لگا اور ان سمیت تمام لوگوں نے فلم میں بغیر کسی معاوضے کے کام کیا، فلم پروڈیوسر

جمعہ 13 جنوری 2017 23:22

فلم کا معاوضہ صرف ایک روپے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) بالی ووڈ میں اپنے کردار میں ڈھل جانے والے اداکار نواز الدین صدیقی نے نئی فلم ’’حرام خور‘‘ کے لیے صرف ایک روپے معاوضہ وصول کیا۔بالی ووڈ میں نہایت مختصر وقت میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنی نئی فلم ’’حرام خور‘‘ میں چھوٹے سے گاؤں میں ایک استاد کا کردار ادا کیا ہے جسے اپنی 14 سالہ اسٹوڈنٹ سے پیار ہوجاتا ہے اور پھر فلم کی کہانی دونوں کے درمیان رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم ’’گینگ آف واسی پور‘‘ سے اداکاری کا لوہا منوانے والے نوازالدین صدیقی جو ایک فلم کے 5 سے 6 کروڑ روپے معاوضہ طلب کرتے ہیں، انہوں نے اس فلم کا کوئی معاوضہ نہیں لیا اور ٹوکن کے طور پر صرف ایک روپے وصول کیا۔

(جاری ہے)

ادکار کا کہنا تھا کہ ’’حرام خور‘‘ نہایت ہی کم بجٹ کی فلم ہے لیکن ہمیں اس کی فکر کی ضرورت نہیں کیوں کہ فلم پہلے سے ہی منافع میں ہے اور اس کا اسکرپٹ اچھا ہونے کی وجہ سے عوام بھی اسے دیکھنے ضرور آئیں گے۔

دوسری جانب فلم کے شریک پروڈیوسر گنیت مونگا کا کہنا تھا کہ نوازالدین صدیقی کو فلم کا اسکرپٹ اچھا لگا اور بجٹ کی حدود کو سمجھتے ہوئے ان سمیت تمام لوگوں نے فلم میں بغیر کسی معاوضے کے کام کیا تاہم اداکار نے ٹوکن کے طور پر ایک روپے وصول کیا جب کہ نوازالدین کی کی سپورٹ اور محنت سے یہ فلم مکمل ہوسکی۔واضح رہے نوازالدین صدیقی بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ میں بالی ووڈ کے سلطان اور کنگ خان کے ساتھ فلم ’’رئیس‘‘ میں ادکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔۔
وقت اشاعت : 13/01/2017 - 23:22:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :