کرکٹ کے کھیل پر بنائی جانے والی فلم ’’ دوڑ باز ‘ ‘کی کہانی بھی خود لکھ رہا ہوں،سنجے دت کو کاسٹ کیا گیا ہے ‘ رمیض راجہ

سب کو ہی معلوم ہے کرکٹ سے سماجی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں،کرکٹ کسی بھی زخم کو بھرنے کی طاقت رکھتا ہے ‘ گفتگو

جمعہ 3 فروری 2017 18:30

کرکٹ کے کھیل پر بنائی جانے والی فلم ’’ دوڑ باز ‘ ‘کی کہانی بھی خود لکھ رہا ہوں،سنجے دت کو کاسٹ کیا گیا ہے ‘ رمیض راجہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی و نامور کمنٹیٹر رمیض راجہ نے فلمسازی کے میدان میں آنے کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ کرکٹ کے کھیل پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی بھی خود لکھ رہے ہیں ،فلم کا نام ’’دوڑباز‘‘رکھا گیا ہے جس میں بالی وڈ اداکار سنجے دت کام کرتے نظر آئیں گے۔میڈیا رپورت کے مطابق رمیض راجہ نے کہا کہ فلم کی مشترکہ پروڈکشن کروں گا ۔

اس فلم کا موضوع میرے دل سے بیحد قریب ہے، میں چاہتا ہوں کہ یہ ناظرین تک پہنچے، پھر چاہے یہ ایک ڈاکومنٹری کی شکل ہو یا فلم کی، جیسے سب کو ہی معلوم ہے کہ کرکٹ سے سماجی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں، جیسے وہ بچے جو دہشتگردی میں ملوث ہوگئے، انہیں کرکٹ کا سہارا دیا جاسکتا، یہ موضوع میرے ذہن میں 10 سالوں سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کسی بھی زخم کو بھرنے کی طاقت رکھتا ہے اور یہی میں اس فلم میں پیش کروں گا۔

فلم کا نام’’دوڑباز‘‘رکھا گیا ہے جس میں بالی وڈ اداکار سنجے دت کام کرتے نظر آئیں گے۔ رمیض راجہ نے سنجے دت کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے بتایا کہ ’’دوڑباز ‘‘میرے ذہن کا ایک خیال ہے جسے بھارت کی ایک پروڈکشن کمپنی نے منظور کیا اور وہیں سے چیزیں آگے بڑھیں۔سنجے دت کو اس فلم کا اسکرپٹ بیحد پسند آیا، وہ ایک بڑے اسٹار ہیں اور مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ ان پر یہ کردار بہترین لگے گا۔

اس حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ رمیض راجہ اس فلم کی مرکزی اداکارہ کے لیے ماہرہ خان یا کترینہ کیف کو کاسٹ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ فلم میں اداکارہ کو کوئی خاص کردار نہیں دیا گیا ہے۔انکے مطابق یہ فلم ایک مرد کی کہانی پر مبنی ہے لہٰذاخاتون اداکارہ کی کاسٹ کو اتنا اہم نہیں سمجھا جارہا، میری پہلی ترجیح سنجے دت کو اس فلم میں کاسٹ کرنا تھا۔فلم ’’دوڑباز‘‘کا اسکرپٹ تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور اس کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال مئی میں ہوگا۔
وقت اشاعت : 03/02/2017 - 18:30:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :