ایف آئی اے کو اسپاٹ فکسنگ تحقیقات کیلئے کسی کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں،چوہدری نثار

ایسے لوگوں پرزمین تنگ کریں گے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنے ، فکسنگ کے تانے بانے ملک سے باہر ملتے ہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 مارچ 2017 19:29

ایف آئی اے کو اسپاٹ فکسنگ تحقیقات کیلئے کسی کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں،چوہدری نثار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے اسپاٹ فکسنگ کی تفتیش کے لئے کسی ادارے کو درخواست دینے کی پابند نہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں پرزمین تنگ کریں گے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنے ہیں،ا سپاٹ فکسنگ کے تانے بانے ملک سے باہر ملتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ برائی کی جڑ تک پہنچا جائے اور اسے ختم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں، اس کے لیے ایف آئی اے اسپاٹ فکسنگ کیس کی مکمل تفتیش کرے گی،جو اختیارات ایف آئی کے پاس ہیں وہ پی سی بی کے پاس نہیں اور جو پی سی بی اختیار رکھتا ہے وہ ایف آئی کے پاس نہیں اس لیے ضروری ہے کہ دونوں ادارے مل کر اس معاملے کی تحقیقات کریں اس سلسلے میں دونوں میں کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا انہوں نے ایف آئی اے کو ملوث کرکٹرز کے ساتھ ساتھ بکیوں کے خلاف بھی تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے ،فکسنگ کے تانے بانے بیرون ملک ملتے ہیں اس لیے ضرورت پڑنے پر دیگر ممالک سے بھی مدد لی جائے گی اور اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 22/03/2017 - 19:29:39

متعلقہ عنوان :