پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے ٹیم کا اعلان

30 اپریل سے ازبکستان میں شیڈول ایونٹ میں 7 پاکستانی باکسرز ایکشن میں نظر آئیں گے

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:15

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے ٹیم کا اعلان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2017ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) نے رواں ماہ کے آخر میں ازبکستان میں شروع ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے سات رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ ایونٹ 30 اپریل سے 7 مئی تک کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی بی ایف کے سیکرٹری جنرل ناصر اعجاز کے مطابق اعلان کردہ ٹیم محب اللہ، سید محمد آصف، سلمان بلوچ، گلزیب، تنویر احمد، اویس علی خان اور ثناء اللہ پر مشتمل ہے، محب اللہ 49، سید محمد آصف 52، سلمان بلوچ 64، گلزیب 69، تنویر احمد 75، اویس علی خان 81 اور ثناء اللہ 91 کلوگرام کیٹگری کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

میگا چیمپئن شپ کیلئے منتخب باکسرز عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں ارشدحسین اور سید حسن کی زیر نگرانی ٹریننگ کر رہے ہیں، تمام باکسرز سخت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ باکسرز ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باکسرز کے پاس ایونٹ میں شرکت کر کے اسلامک سولیڈیریٹی گیمز کی تیاری کا بھی بہترین موقع ہے۔
وقت اشاعت : 22/04/2017 - 18:15:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :