کنگسٹن ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل بارش کے باعث تاخیر کا شکار

اتوار 23 اپریل 2017 19:47

کنگسٹن ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل بارش کے باعث تاخیر کا شکار
کنگسٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23اپریل ۔2017ئ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امپائرز نے میچ پاکستانی وقت کے مطابق 8بج کر 30منٹ پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے قبل دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تاہم ویسٹ انڈیز نے کپتان جیسن ہولڈر کے 55 رنز کی اننگز کی بدولت دن کے اختتام پر 9 وکٹوں پر 278 رنز بنا لیے۔

کنگسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں پر 244 رنز بنائے تھے تاہم دوسرے روز کپتان جیسن ہولڈر نے اپنی ٹیم کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی۔جیسن ہولڈر نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو مکمل تباہی سے باہر نکال دیا جس کےلئے دیویندرا بشو نے 28 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا اس دوران دونوں کے درمیان 75 رنز کی قیمتی شراکت بنی۔

(جاری ہے)

بشو کے بعد نوجوان باﺅلر الزاری جوزف 0پر محمد عامر کا نشانہ بنے تاہم 10ویں وکٹ میں شینن گیبرئیل 4 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو بارش کے باعث کھیل کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا اور دونوں امپائرز نے دوسرے روز کے کھیل کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔محمد عامر نے بشو کو آﺅٹ کرکے اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں اور یوں 2010ءمیں لارڈز ٹیسٹ کے بعد پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز پایا۔

ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں پر 278 رنز بنا لیے تھے،جیسن ہولڈر 55 اور گیبرئیل 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں،پاکستان کی جانب سے محمد عامر کامیاب باﺅلر رہے جنھوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا،قبل ازیں دوسرے روز کے کھیل کو شروع کرنے کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 18 منٹ پر امپائرز نے وکٹ کا جائزہ لیا تاہم پچ گیلی ہونے کی وجہ سے کھیل کے آغاز کا فیصلہ نہ کیا جاسکا۔

پچ کا دوبارہ جائزہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے لیا گیا تاہم پانی خشک نہ ہونے کی وجہ سے امپائرز نے فیصلہ کیا کہ کھانے کے وقفے تک کھیل شروع کرنا ممکن نہیں اور اس طرح پہلے سیشن کا کھیل ضائع ہوگیا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق رات بھر بارش ہوتی رہی اور پچ پر کورز ٹھیک طرح سے نہیں رکھے گئے جس کی وجہ سے وہاں پانی جمع ہوگیا۔خیال رہے کہ پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنالیے تھے تاہم پہلے روز کا کھیل بھی کم روشنی کے باعث وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا تھا۔

71 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گنوانے کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم روسٹن چیز اور شین ڈاﺅرچ کی شاندار اننگز کی بدولت 7 وکٹوں پر 244 رنز بنانے میں کامیاب رہی،روسٹن اور ڈاﺅرچ نے چھٹی وکٹ کی پارٹنرشپ میں 118 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔یہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جا رہا 50واں ٹیسٹ میچ ہے جہاں باہمی مقابلوں میں پاکستان کو برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ کرکٹ میں 49 بار مدمقابل آئیں جس میں سے 18 میچز میں قومی ٹیم اور 16 میں ویسٹ انڈین ٹیم کامیاب رہی جبکہ 15 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ کیریبئن سرزمین پر گرین کیپس کا ریکارڈ مایوس کن ہے جہاں 23 میچوں میں سے پاکستانی ٹیم صرف 5 میچ جیت سکی ہے جبکہ 11 میچوں میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا، سات میچ بے نتیجہ ختم ہوئے۔


وقت اشاعت : 23/04/2017 - 19:47:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :