اسپینش لیگ،اعصاب شکن مقابلے کے بعد بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو3-2سے شکست دیدی

پیر 24 اپریل 2017 14:57

اسپینش لیگ،اعصاب شکن مقابلے کے بعد بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو3-2سے شکست دیدی
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) اسپینش فٹبال لیگ میں روایتی حریف بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس میں بارسلونا نے 2-3 سے کامیابی اپنے نام کرلی۔امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی نے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ملنے والے انجری ٹائم میں فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔

یہ میچ میں لائنل میسی کا دوسرا گول تھا جس کے ساتھ میسی نے اپنے کیریئر کے 500 گول بھی مکمل کرلیے ہیں۔ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ برنابیو میں کھیلے جانے والے میچ کا پہلا گول ریال میڈرڈ کے کیسمیرو نے 28 ویں منٹ میں کیا جسے بارسلونا کے لائنل میسی نے 33 ویں منٹ میں ہی برابر کردیا۔

(جاری ہے)

کھیل کے 73 ویں منٹ میں بارسلونا کے راکیٹک نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی لیکن یہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 85 ویں منٹ میں میڈرڈ کے روڈریگوئز نے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا۔

90 منٹ کا کھیل مکمل ہونے پر مقابلہ 2-2 سے برابر تھا تاہم اضافی انجری ٹائم میں لائنل میسی نے اپنا جادو دکھاتے ہوئے فیصلہ کن گول اسکور کردیا اور ٹیم کو فتح دلادی۔اس کامیابی کے ساتھ اسپینش لیگ میں بارسلونا اور ریال میڈرڈ 75 ، 75 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ہیڈ ٹو ہیڈ ٹائی بریکر میں بارسلونا کو برتری ہے البتہ لیگ میں بارسلونا کو مزید 5 جبکہ ریال میڈرڈ کو 5 میچز کھیلنے ہیں اور ٹائٹل کسی کے بھی نام ہوسکتا ہے۔

میچ کے دوران میڈرڈ کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو کئی موقعے ملے تاہم وہ گول نہ کرسکے۔واضح رہے کہ ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان اب تک جتنے بھی میچز ہونے ہیں ان میں لائنل میسی سب سے زیادہ 23 گولز کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان ہونے والے میچز کو 'ایل کلاسیکو' کہا جاتا ہے۔لائنل میسی گزشتہ 10 لیگ میچز میں 14 گولز کرچکے ہیں جبکہ وہ اسپینش لیگ میں 31 گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔رواں سیزن میں میسی نے 46 میچز میں بارسلونا کی نمائندگی کی جن میں انہوں نے 47 گولز کیے۔
وقت اشاعت : 24/04/2017 - 14:57:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :