شاہد آفریدی کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

نجم سیٹھی نے آل راؤنڈر کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باعزت رخصتی اور پی سی بی کیلئے ان کی خدمات کے حصول کی بھی یقین دہانی کرائی

پیر 24 اپریل 2017 19:16

شاہد آفریدی کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے،انہیں ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے باعزت انداز میں انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصتی کا بھی یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اتوار کو دبئی میں ہونے والی ملاقات میں نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی جس کے دوران مستقبل میں چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے منتظر نجم سیٹھی نے آل راؤنڈر کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باعزت رخصتی کے ساتھ ہی بورڈ کیلئے ان کی خدمات کے حصول کی بھی یقین دہانی کرائی،واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے رواں برس کے آغاز میں اپنے 21 سالہ کیریئر کو خیرباد کہنے کے باوجود بھی پی سی بی کی جانب سے الوداعی میچ کا مطالبہ کیا تھا جو چیئرمین پی سی بی شہریارخان کی وجہ سے تسلیم نہیں کیا گیاکیونکہ آل راؤنڈر بورڈ کے سربراہ سے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کے وعدے کے باوجود اپنے وعدے کا پاس نہیں رکھ سکے تھے۔

ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی چیف کی شاہد آفریدی سے کرکٹ کے دیگر معاملات پر بھی بات چیت ہوئی جس کی تصدیق نجم سیٹھی کے ٹوئٹر پیغام سے بھی ہوتی ہے۔
وقت اشاعت : 24/04/2017 - 19:16:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :