چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، کامران اکمل ڈراپ، عمر اکمل ، اظہر علی کی ٹیم میں واپسی

منگل 25 اپریل 2017 20:01

چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، کامران اکمل ڈراپ، عمر اکمل ، اظہر علی کی ٹیم میں واپسی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25اپریل ۔2017ئ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کیلئے سرفراز احمد کی زیر قیادت 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ، کامران اکمل کو ڈراپ کر کے عمر اکمل کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے،ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے ڈراپ ہونے والے اظہر علی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے 15رکنی سکواڈ کیلئے نام منظوری کےلئے چیئرمین پی سی بی کو بھجوا ئے تھے جنہوں نے سکواڈ کی منظوری دے دی ہے ، سابق کپتان اظہر علی اور عمر اکمل کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے،اظہر علی نے ناکام دورہ آسٹریلیا کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے انہیں ایک روزہ میچوں کے سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا،سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کھیل پیش نہ کرنے پر کامران اکمل کو واپسی کا پروانہ تھما دیا ہے جبکہ محمد اصغر اورآصف ذاکر کو بغیر کوئی میچ کھلائے ہی سکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ باﺅلر سہیل خان کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کردیا گیا جبکہ پاکستان کپ میں بہترین آل راﺅنڈ کارکردگی بھی عامر یامین کی ٹیم میں سلیکشن کی راہ ہموار نہ کر سکی۔سلیکشن کمیٹی نے اختتامی اوورز میں ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے عمر اکمل کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جبکہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے منتخب باﺅلنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور موجودہ فارم کو مدنظر رکھ کر ایونٹ کیلئے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ،انگلش کنڈیشنز میں اظہر علی کے اچھے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ عمر اکمل کو فٹنس میں بہتری پر ٹیم میں شامل کیا گیا ، شاداب خان اور فہیم اشرف کو بھی سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے کیوں کہ یہ دونوں سپن اور فاسٹ باﺅلنگ آل راو¿نڈر کی حیثیت سے ٹیم کیلئے نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم گروپ بی میں ہندوستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ موجود ہے،ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 4 جون کو روایتی حریف ہندوستان کےخلاف برمنگھم میں کھیلے گی،دوسرا میچ 7 جون کو جنوبی افریقہ کےخلاف کھیلا جائے گا جبکہ آخری راﺅنڈ میچ سری لنکا سے 12جون کو ہو گا۔

وقت اشاعت : 25/04/2017 - 20:01:13