پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جمیکا ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یاسر شاہ اور محمد عامر کی شاندار بائولنگ 4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ویسٹ انڈیز کی طرف سے ملنے والا 32 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے بآسانی 3 وکٹوں پر حاصل کر لیا، یاسر شاہ کو میچ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

بدھ 26 اپریل 2017 10:30

کنگسٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) بائولرز کی شاندار بائولنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جمیکن ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹ سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستانی بائولرز کی شاندار بائولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 152 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس کے چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے اور میزبان ٹیم نے پاکستان کو میچ میں کامیابی کے لئے صرف 32 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان ٹیم نے بآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، لیکن معمولی ہدف کے حصول میں بھی پاکستان کو 3 وکٹوں کا نقصان اٹھا نا پڑا۔

پاکستان کی طرف سے محد عامر اور یاسر شاہ نے 4,4 اور محمد عباس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے یاسر شاہ کو میچ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک، کنگسٹن میں ٹیسٹ کے پانچویں روز کا کھیل جب شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز سے شروع کی، اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 28 رنز درکار تھے، لیکن پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گر تی رہیں اور پوری ٹیم 152رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی۔

کیرن پائول 49، شمرون ہیٹمائر20، بریتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر14، 14 جبکہ روسٹن چیز16 اور بشو 18رنز کی مزاحمت کر سکے باقی کوئی بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو میچ میں فتح کیلئی32 رنز کا معمولی ہدف ملا جو بعد میں پاکستان ٹیم نے بآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستانی بائولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، میچ میں خاص طور پر یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہو ئے ویسٹ انڈیز کی6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے مجموعی طور پر 4 اوورز میں 63 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 26/04/2017 - 10:30:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :