کیریبیئنز کی پہلی اننگز میں محمد عامر اور دوسری میں یاسر شاہ نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، مصباح الحق

پہلی اننگز میں محمد عامر نے بڑی عمدہ لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو کم ٹوٹل تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، بیٹنگ لائن نے مشکل کنڈیشنز میں عمدہ کھیلتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، 400 سے زیادہ رنز بنائے، خود بھی ٹیم پلان کے مطابق کھیلنے میں کامیاب ہوا،جانتے تھے کہ چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں ہو گی، مطلوبہ ہدف کم سے کم رکھنے کی کوشش کی، پچ میں نمی کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت ہوا ، مصباح الحق کی جمیکا ٹیسٹ کے بعدگفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 12:59

جمیکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) الوداعی سیریز کے پہلے میچ میں فتح کومصباح الحق نے ساتھی کرکٹرزکی جانب سے تحفہ قرار دیدیا، انھوں نے کہاکہ کیریبیئنز کی پہلی اننگز میں محمد عامر اور دوسری میں یاسر شاہ نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جمیکا ٹیسٹ کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کامیابی کو ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں محمد عامر نے بڑی عمدہ لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو کم ٹوٹل تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جواب میں بیٹنگ لائن نے مشکل کنڈیشنز میں عمدہ کھیلتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور 400 سے زیادہ رنز بنائے، میں خود بھی ٹیم پلان کے مطابق کھیلنے میں کامیاب ہوا، انھوں نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

اس لیے مطلوبہ ہدف کم سے کم رکھنے کی کوشش کی، یاسر شاہ نے کیریبیئن کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فتح کا راستہ آسان کر دیا۔مصباح الحق نے کہا کہ پچ میں نمی کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت ہوا، پیسرز نے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی، بعد ازاں وکٹ سے اسپنرز کو مدد مل رہی تھی، یاسر شاہ نے بہت کم وقت میں زیادہ وکٹیں لے کر کھیل کا پانسہ پلٹ دیا، یہی وجہ ہے کہ بارش کی وجہ سے وقت ضائع ہونے کے باوجود ہم میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کرنے میں کامیاب ہو گئے، الوداعی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کھلاڑیوں نے فتح کا تحفہ دیا ہے۔
وقت اشاعت : 26/04/2017 - 12:59:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :