پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین جولائی اور اگست میں ہونے والی کرکٹ سیریز منسوخ

پاکستان نے بنگلہ دیش کا دو مرتبہ دورہ کیا ، جواب میں پاکستان کا ایک بھی دورہ نہ کرنے پر دورہ بنگلہ دیش ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ‘ شہریار خان

جمعرات 27 اپریل 2017 21:44

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین جولائی اور اگست میں ہونے والی کرکٹ سیریز منسوخ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین جولائی اور اگست میں ہونے والی کرکٹ سیریز کو منسوخ کردیا گیا۔شیڈول کے مطابق پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کے فوراً بعد جولائی کے مہینے میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا جہاں اسے حریف ٹیم کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں، 3 ایک روزہ میچوں اور 1 ٹی ٹونٹی پر مشتمل سریز کھیلنا تھی۔

بنگلہ دیش نے 2008ء کے بعد سے اب تک پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا جبکہ پاکستان نے اس عرصے میں 2011ء اور 2015ء میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔اس حوالے سے شہریار خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے بنگلہ دیش کو پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی دعوت دی جسے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے بتایا کہ ہم نے بنگلہ دیش بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ ہم اس سال ان کی ٹیم کی میزبانی کر سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کا دو مرتبہ دورہ کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے جواب میں پاکستان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا لہٰذا ہم نے دورہ بنگلہ دیش ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اگلے سال کے لیے کسی دوسرے آپشن پر غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دبئی میں آئی سی سی اجلاس کے دوران پاکستان نے بنگلہ دیش میں سیریز کھیلنے پر منافع شیئر کرنے یا پھر پاکستان میں کھیلنے کی شرط رکھی تھی، جسے بنگلہ دیش نے قبول نہیں کیا۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ کو بھی نوٹس دینے کی تیاری کرلی ہے۔پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر نے دو ہفتے قبل انگلینڈ میں جاکر کیس کی تیاری کی تھی جبکہ اگلے ہفتے بی سی سی آئی کو نوٹس بھجوایا جائے گا۔یاد رہے کہ 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا طویل دورہ نہیں کیا۔اس سانحے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم تمام سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر مجبور ہے۔
وقت اشاعت : 27/04/2017 - 21:44:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :