پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پرسوں شروع ہوگا،میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز اپنے نام کرینگے، مصباح

کالی آندھی کے خلاف ٹیسٹ سیریز، پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن کے دفاع کا چیلنج درپیش، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا

جمعہ 28 اپریل 2017 12:09

بارباڈوس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دوسرا میچ پرسوں اتوار سے برج ٹائون، بارباڈوس میں شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا، پاکستان نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کریگی تاہم انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ٹیم کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنا ہوگا بلکہ اس میں مزید بہتری لانا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی جبکہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10 مئی سے شروع ہوگا۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول تین ٹیسٹ کرکٹ میچوں کی سیریز میں عالمی درجہ بندی میں پانچواں نمبر بچانے کا چیلنج درپیش ہو گا، گرین شرٹس کو اب ویسٹ انڈیز ٹیم سے ایک اور میچ جیتنا ہے اور جیت کی صورت میں پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔

یادر رہے کہ کالی آندھی کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ، 2-1 یا 1-0 سے شکست کی صورت میں گرین شرٹس ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر چھٹے نمبر پر چلی جائے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 30 اپریل سے شروع ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم 122 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، پاکستان پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے پاس ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن بچانے کیلئے ہر حال میں کالی آندھی کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا ہو گی، ویسٹ انڈیز کے خلاف 3-0 سے فتح کی صورت میں پاکستان کو دو پوائنٹس ملیں گے لیکن اس کا پانچواں نمبر برقرار رہے گا اور میزبان ٹیم کے پوائنٹس مزید کم ہو جائیں گے، سیریز میں 2-0 سے کامیابی پر گرین شرٹس کو ایک پوائنٹ ملے گا اور ویسٹ انڈیز کو ایک پوائنٹ گنوانا پڑے گا۔

اگر گرین شرٹس 1-0 یا 2-1 سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو پاکستان کے پوائنٹس برقرار رہیں گے لیکن ویسٹ انڈیز کو ایک پوائنٹ مل جائے گا، دوسری جانب اگر ویسٹ انڈیز 3-0 سے کامیاب ہوا تو پاکستان کے 8 پوائنٹس کم ہو جائیں گے اور ویسٹ انڈین ٹیم کو اتنے ہی پوائنٹس مل جائیں گے جبکہ 2-0 سے فتح میزبان ٹیم کے پوائنٹ 77 اور پاکساتن کے 91 کر دے گی۔ اگر میزبان ٹیم 1-0 یا 2-1 سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی تو پاکستان کے پانچ پوائنٹس کم ہو جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کو چھ پوائنٹس بطور انعام ملیں گے۔
وقت اشاعت : 28/04/2017 - 12:09:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :