بھارت نے سکواش کے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویز ے جاری نہ کرکے ان کے ساتھ ناانصافی کی، سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان

جمعہ 28 اپریل 2017 12:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) سابق عالمی سکواش چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ بھارت نے ایشین سنیئر سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ویز ے جاری نہ کرکے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے امن کے سفیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی دونوں ممالک کے تعلقات اور رابطہ کیلئے مدد فراہم کرتے ہیں اور ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیںہوتا بلکہ وہ کھیل کی حد تک محدود ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کو بھارت کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کرنے کا یہ مسئلہ انٹرنیشنل سکواش فیدڑیشن کی سطح پر اٹھانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے بھر پور تیاری کر رکھی تھی اور امید تھی کہ پاکستانی کھلاڑی ایشین سنیئر سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل کا دفاع کرتے۔ انہوں نے مزید بھارت کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کرنے پر دکھ کا اظہار کیا ہے، واضع رہے کہ پاکستان کی طرف سے فرحان زمان، فرحان محبوب، وقار محبوب اور طیب نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے تھی۔
وقت اشاعت : 28/04/2017 - 12:40:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :