جنید خان سے متعلق متنازعہ بیان ، عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں

ْپنجاب ٹیم کے منیجر اور کوچ نے عمر اکمل کے خلاف بیان دیا ، انضمام الحق بھی بیان پر ناراض

جمعہ 28 اپریل 2017 19:44

جنید خان سے متعلق متنازعہ بیان ، عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں
ْ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) جنید خان سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔پاکستان کپ میں شریک ٹیم پنجاب کے کپتان عمر اکمل نے گزشتہ روز ٹیم کے پیسر جنید خان کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اچانک لاپتہ ہو گئے ہیں اور ٹیم منیجمنٹ بھی اس حوالے سے لاعلم ہے۔ بعد ازاں جنید خان نے وڈیو پیغام میں وضاحت کی تھی کہ وہ لاپتہ نہیں ہوئے بلکہ فوڈ پوائزننگ اور بخار کی وجہ سے ٹیم ڈاکٹر کی ہدایت پر میچ میں شریک نہیں ہوئے اور عدم دستیابی سے متعلق ٹیم منیجمنٹ اور کپتان کو آگاہ کر دیا تھا۔

عمر اکمل کے متنازع انٹرویو پر پی سی بی نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے جس معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کرے گی، ذرائع کے مطابق پنجاب ٹیم کے منیجر اور کوچ نے بھی عمر اکمل کے خلاف بیان دیا ہے جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی اس بیان پر ناراض ہیں اور عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عمر اکمل ماضی میں بھی کئی تنازعات میں الجھے رہے ہیں، ان کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سکیورٹی گارڈ اور ٹریفک وارڈن سے جھگڑے جبکہ حیدر آباد میں ڈانس پارٹی سکینڈل جیسے ناخوشگوار واقعات منظر عام پر آ چکے ہیں۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وہ قومی ٹیم سے ڈراپ بھی ہوتے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/04/2017 - 19:44:50