تھر میں خدمات کی انجام دہی کیلئے تھر فاؤنڈیشن اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا اشتراک

ہفتہ 29 اپریل 2017 14:54

تھر میں خدمات کی انجام دہی کیلئے تھر فاؤنڈیشن اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا اشتراک
ٰاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF)اور تھر فاؤنڈیشن (TF) نے تھر میں خدمات کی فراہمی کے لیے اشتراک کیا ہے۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور تھر فاؤنڈیشن نے ہفتے کے دن تھر کے علاقے میں مشترکہ طور پر کام کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اور سماجی کارکن شاہد خان آفریدی نے تھر کے پسماندہ طبقے کو خدمات کی فراہمی کے لیے تھر کے دورے کا اعلان بھی کیا۔

شاہد خان آفریدی نے SAF کے دیگر سینیئر ذمے داران کے ہمراہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور دونوں اداروں کے مابین ہونے والے اشتراک کے حوالے سے تبادلہٴ خیال کیا۔ تھر فاؤنڈیشن ضلع تھرپارکر میں پہلے ہی سے صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور روزگار کے شعبوں میں مختلف ترقیاتی کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

SECMC کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمس الدین شیخ نے ملاقات کے لیے آنے والے وفد کے سامنے صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کے شعبے کے ساتھ ساتھ ثقافتی تحفظ اور فروغ کے لیے کیے جانے والی تھر فاؤندیشن کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن کی نظریں تھر کے لوگوں کی صحت، تعلیم اور ذریعہ معاش کے شعبے میں دونوں فاؤنڈیشن کے درمیان مثبت تعاون پر مرکوز ہیں اور تھر کیلئے ہمارے یہی خواب ہیں۔تھر کے علاقے میں تھر فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے مزید اشتراک کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تنظیم کے آفیشلز کے ہمراہ جلد ہی تھر کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں تھر فاؤنڈیشن کے کارہائے نمایاں کا خود جائزہ لے سکیں اور وہ غریب طبقے کی خدمت بھی کرنا چاہتے ہیں۔

وقت اشاعت : 29/04/2017 - 14:54:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :