پاکستان نے آسٹریلین نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکے میں نیوسائوتھ ویلز کو 3-2 گولز سے ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا، ندیم احمد نے 2 اور نوید عالم نے ایک گول کر کے ٹیم کو چیمپئن بنوایا

ہفتہ 29 اپریل 2017 15:39

ہوبارٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان نے آسٹریلین نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکے میں نیوسائوتھ ویلز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے ہرا کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، ندیم احمد نے 2 اور نوید عالم نے ایک گول کر کے ٹیم کو چیمپئن بنوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ہوبارٹ، آسٹریلیا میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی جونیئر ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نیوسائوتھ ویلز کو زبردست مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گولز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، میچ کے 13ویں منٹ میں پاکستانی کھلاڑی نوید عالم نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 24ویں منٹ میں پاکستان کے ندیم احمد نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 44ویں منٹ میں پاکستان کے ندیم احمد نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 3-0 گولز کر دیا، چار منٹس بعد نیوسائوتھ ویلز کے ہیزل نے پنالٹی سٹروک پر گول کر کے مقابلہ 3-1 گولز کر دیا، 65ویں منٹس میں نیوسائوتھ ویلز کے ڈین رچرڈز نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 3-2 گولز کر دیا، اس کے بعد گرین شرٹس نے حریف ٹیم کو مزید گول نہ کرنے دیا اور 3-2 گولز کی برتری کی بدولت شاندار کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

وقت اشاعت : 29/04/2017 - 15:39:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :