آئی سی سی کے رکن ممالک بھارت کے بغیر بھی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے تیار

بھارت نے تاحال سکواڈ کا اعلان نہیں کیا ، عدم شرکت پر ویسٹ انڈیز کوشامل کرلیا جائیگا

ہفتہ 29 اپریل 2017 16:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) آئی سی سی کے رکن ممالک بھارت کے بغیر بھی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے رضا مند ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے آئین کے تحت بگ تھری کے خاتمے کے بعد بھارت آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے بائیکاٹ پر غور کر رہا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے رکن ممالک بھارت کے بغیر بھی ٹورنامنٹ کھیلنے پر رضامند ہیں ۔

(جاری ہے)

یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی چیمپینز ٹرافی کیلئے 7 ممالک کے کرکٹ بورڈز نے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے لیکن ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود بھی بھارت نے تاحال سکواڈ کو حتمی شکل نہیں دی جبکہ ماہرین کرکٹ اس عمل کو چیمپینز ٹرافی کے بائیکاٹ سے جوڑ رہے ہیں اور بھارت خود بھی یہ کہہ چکا ہے کہ اگر بگ تھری کا خاتمہ ہوا تو اسے پورا حق حاصل ہے کہ وہ جو چاہے کر سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے رکن ممالک، جو چیمپینز ٹرافی کھیلیں گے، بھارت کے بغیر بھی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں اور اگر واقعی بھارت نے بائیکاٹ کر دیا تو اس کے متبادل کے طور پر ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 29/04/2017 - 16:39:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :