پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹر خالد لطیف کو دو مئی کو دوبارہ طلب کرلیا

ہفتہ 29 اپریل 2017 18:46

پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹر خالد لطیف کو دو مئی کو دوبارہ طلب کرلیا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے سپاٹ فکسنگ میں معطل ہونے والے کرکٹر خالد لطیف کو اینٹی کرپشن کوڈ کی شک 4.3کے تحت دو مئی کو دوبارہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا جہاں پر ان سے سپاٹ فکسنگ کے بارے میں انٹر ویو کیا جائے گا ۔پی سی بی کے اینٹی کرپشن کو ڈ کی شق کے مطابق کرکٹرز کو اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون کرنا پڑتا ہے اور اگر وہ 2مئی کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہیں ہوتے تو وہ اینٹی کرپشن کے کوڈ کی شق 2.4.6اور 2.4.7کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے ۔

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں خالد لطیف کا 24اپریل کو ایک خط ملا تھا جس میں کافی الزامات لگائے گئے تھے جن کو ہم مسترد کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن یونٹ نے قواعد کے مطابق خالد لطیف کی درخواستیں مانی ہیں اور اس کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خالد لطیف اپنے عمل سے اینٹی کرپشن یونٹ کی کاروائی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں ۔

پی سی بی کے علم میں ہے کہ خالد لطیف نے ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا اور اب اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کو جاری رکھنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے اور خالد لطیف کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوکر اپنا موقف پیش کرنا چاہئے ۔واضح رہے کہ خالد لطیف کو گزشتہ ہفتے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کے لئے طلب کیا تھا لیکن انہوں نے تحقیقات پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یونٹ کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا اور پی سی بی کو ایک خط بھی تحریر کردیا تھا جس میں انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔
وقت اشاعت : 29/04/2017 - 18:46:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :