پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے ،جارج کوٹن ،تھائی لینڈکے خلاف سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرینگے، قومی فٹبال ٹیم کے کوچ کی اردوپوائنٹ سے گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2009 17:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی ۔2009ء) پاکستان فٹبال ٹیم کے غیرملکی کوچ جارج کوٹن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جس طرح کرکٹ کے بے پناہ ٹیلنٹ ہے ویسے ہی یہاں فٹبال کا بھی وسیع ٹیلنٹ موجود ہے۔دورہ تھائی لینڈ کیلئے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے کیمپ کے دوران اردوپوائنٹ سے بات چیت کرتے ہوئے جارج کوٹن کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے کہ پاکستان میں صرف کرکٹ کا ہی ٹیلنٹ ہے ،میں نے گزشتہ آٹھ ماہ میں پورے پاکستان کا دورہ کیا ہے اورہرجگہ فٹبال کا وسیع ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا،ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے نوجوان سخت گرمی میں محنت کرنے سے نہیں گھبراتے اور وہ اپنے ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن سہولیات کی کمی کی وجہ سے وہ اپناخواب پورا نہیں کرپاتے لیکن پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انتظامیہ ملک میں فٹبال کے فروغ کیلئے بھر پورکوششیں کررہی ہیں جس سے بہترین نوجوان کھلاڑی آگے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

دورہ تھائی لینڈ کے حوالے سے قومی کوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے سیریز کیلئے بھر پورتیاری کررکھی ہے اور ہم وہاں بہترین فٹبال کھیلنے کیلئے جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ میں جیت کیلئے کوئی دعوی نہیں کرتا میں اچھی کارکردگی پر یقین رکھتا ہوں ،ہماری یہ سیریز محض فرینڈلی سیریز ہے جسے ہم اسلامک گیمز اور سیف گیمز سے قبل ایک پریکٹس سیریز کے طور پر لے رہے ہیں۔

جارج نے مزید کہاکہ ماضی میں پاکستانی ٹیم دفاعی حکمت عملی کے تحت کھیلتی تھی لیکن اب ہم نے دفاع کے ساتھ ساتھ اٹیک کو بھی اپنی حکمت عملی میں شامل کیا ہے اور اب ہم حریف گول پوسٹ پر حملہ آوربھی ہونگے۔جارج نے مزید کہاکہ کیمپ میں موجود تمام کھلاڑی دلیرفٹبالرہیں اور سخت جان ہیں اور اگر اسی رفتار سے کام ہوتا رہاتو اگلے چندسال میں پاکستان ایشیا میں بہترین پوزیشن پر آجائیگا۔یادر ہے کہ قومی فٹبال ٹیم عیسیٰ خان کی قیادت میں 12جولائی کو تھائی لینڈ روانہ ہورہی ہے جہاں 14جولائی کو تھائی انڈر23،16جولائی کو انڈر19اور 18جولائی کو تھائی لینڈ کی نیشنل ٹیم کے ساتھ نبردآزما ہوگی۔
وقت اشاعت : 10/07/2009 - 17:04:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :