شاداب خان گزشتہ 8سال کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے کم عمر ترین ملکی کھلاڑی بن گئے

اتوار 30 اپریل 2017 21:51

شاداب خان گزشتہ 8سال کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے کم عمر ترین ملکی کھلاڑی بن گئے
بارباڈوس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30اپریل ۔2017) لیگ سپنر شاداب خان پاکستان کی جانب سے گزشتہ 8سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق شاداب خان 18سال اور 208دن کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے والے پاکستان کے 227 ویں کرکٹر اور گزشتہ 8سال میں ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ، انہیں ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران 10 ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے پر قومی ٹیم کی کیپ دیکر اعزاز سے نوازا، وہ 4 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10 جب کہ 3 ون ڈے میچز میں 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس سے قبل جولائی 2009ءمیں فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے سری لنکا کیخلاف گال کے مقام پر 18سال کی عمر میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد سے 32کھلاڑی پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے شاداب خان کو پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

وقت اشاعت : 30/04/2017 - 21:51:54