باربڈوس ٹیسٹ، پاکستانی اوپنرز ڈٹ گئے، 100رنز کی شراکت داری

muhammad ali محمد علی منگل 2 مئی 2017 00:00

باربڈوس ٹیسٹ، پاکستانی اوپنرز ڈٹ گئے، 100رنز کی شراکت داری
باربڈوس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخباریکم مئی ۔2017ء) باربڈوس ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف 312رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،پاکستان نے چائے کے وقفے پر بغیر کسی نقصان کے 106رنز جوڑ لیے ۔بارباڈوس میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز نے 286رنز 6وکٹ پر اننگز شروع کی تو جیسن ہولڈر 58رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے،روسٹن چیز اگلے ہی اوور میں محمد عامر کی گیند پر 131رنز بنا کر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے،دوندرا بشو14رنز بنا کر محمد عباس کا چوتھا شکار بنے جبکہ جوزف8رن بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم312رنز پر پوویلین لوٹ گئی،پاکستان کے لیے محمد عباس نے 4،محمد عامر نے3،یاسر شاہ نے 2اور شاداب خان نے ایک شکار کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی اوپنرز نے چائے کے وقفے تک 106 رنز جوڑ کر ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کردیا۔ اظہر علی 56 اور احمد شہزاد 40 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اننگ کے دوران احمد شہزاد خوش قسمتی سے 2 بار آوٹ ہونے کے باوجود ناٹ آوٹ رہے۔ احمد شہزاد 2 مرتبہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم دونوں مرتبہ نوبال ہو جانے کے باعث ان کی وکٹ بچ گئی۔ اس سے قبل گزشتہ روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پہلے اپنے بلے بازوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 12 کے مجموعی سکور پر کریگ براتھ ویٹ محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ایک رن بعد ہی محمد عباس نے شیمرون ہٹمیئر کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔شائی ہوپ اور کیرن پاول نے تیسری وکٹ کیلئے محتاط طریقے سے سکور آگے بڑھانا شروع کیا لیکن 37 کے مجموعے پر ہوپ کی اننگز بھی تمام ہوئی۔تین وکٹیں گرنے کے بعد کیرن پاول کا ساتھ نبھانے روسٹن چیز آئے اور دونوں نے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 65 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، محمد عامر نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے پاول کو میدان بدر کردیا ،5 رنز کے اضافے سے محمد عباس نے وشال سنگھ کو یونس خان کی مدد سے قابو کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔روسٹن چیز نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شین ڈاﺅرچ کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 47 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن ڈیبیو کرنے والے شاداب خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو چھٹا نقصان پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سپنرز یاسر شاہ اور شاداب نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستان نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے وہاب ریاض کو آرام دے کر شاداب خان کو ڈیبیو کرایا۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے اور دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کر سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 02/05/2017 - 00:00:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :