تیسرا ٹیسٹ ، بارش کے باعث کھانے کے بعد کا کھیل تاخیر کا شکار

muhammad ali محمد علی بدھ 10 مئی 2017 21:46

تیسرا ٹیسٹ ، بارش کے باعث کھانے کے بعد کا کھیل تاخیر کا شکار
ڈومینیکا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10مئی۔2017ئ) 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے پر 1وکٹ کھو کر 70رنز بنا لیے،بارش کے باعث کھانے کے بعد کا کھیل تاخیر کا شکار ہوگیا ہے ۔ ڈومینیکا میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے آخری ٹیسٹ میچ میںشان مسعود اور اظہر علی نے پاکستان کے لیے اننگز کا آغاز کیا ،اننگز کے 12ویں اوور میں آف سپنر روسٹن چیز نے 9رنز پر شان مسعود کو جیسن ہولڈ ر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروایا جس کے بعد اظہر علی نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر کھانے کے وقفے تک ویسٹ انڈیز کو مزید کو ئی وکٹ نہ لینے دی اور ٹیم کا سکور 70رنز تک پہنچا دیا،اظہر36اور بابراعظم 24رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

کالی آندھی کے لیے واحد کامیاب باﺅلر روسٹن چیز رہے۔کھانے کے وقفے کے دوران ہی بارش کے باعث گراﺅنڈ ڈھک دیا گیا اور یوں میچ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر ابرآلود موسم میں پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا ۔کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگر میرے پاس آپشن ہوتی تو میں بھی ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتا،تیسرا اور آخری میچ ہمارے لیے بہت سپیشل ہے ۔

ویسٹ انڈیز نے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا۔پاکستان نے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ذاتی مسائل سے دوچار احمد شہزاد کی جگہ شان مسعوداور شاداب خان کی جگہ حسن علی کو ڈیبیو کرایا ہے،حسن علی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنےوالے 228ویں کھلاڑی ہیں۔یہ ٹیسٹ اس حوالے یادگار ہے کہ یہ پاکستان کے دو تجربہ کار کھلاڑیوں یونس خان اور کپتان مصباح الحق کے کیریئر کا آخری انٹرنیشنل میچ ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے اور اس میچ میں کامیابی کی بدولت پاکستان پہلی مرتبہ ویسٹ انڈین سرزمین پر سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کر سکتا ہے۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں اظہر علی، شان مسعود، بابر اعظم، یونس خان، مصباح الحق(کپتان)، اسد شفیق، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)، محمد عامر، یاسر شاہ، محمد عباس اور حسن علی شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کیرن پاول، کریگ براتھ ویٹ، شمرون ہیٹمائر، شائی ہوپ، روسٹن چیز، وشال سنگھ، شین ڈارﺅچ(وکٹ کیپر)، جیسن ہولڈر(کپتان)، دویندرا بشو، الزاری جوزف اور شینن گیبریل شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 10/05/2017 - 21:46:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :