پاکستان میں ریسلنگ کے حالیہ تمام شیڈولڈ میچز فکسڈ ہیں ، قمر چوہدری کا انکشاف

بادشاہ خان پہلوان اور شاہد الحق کے درمیان ہونے والی بات چیت سے میچ فکسنگ بے نقاب ہوگئی ،تمام ثبوت موجود ہیں ، سابق ایونٹ منیجر کی گفتگو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مذکورہ ایونٹ کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا ، مقابلے روکنے کاحکم

بدھ 17 مئی 2017 18:42

پاکستان میں ریسلنگ کے حالیہ تمام شیڈولڈ میچز فکسڈ ہیں ، قمر چوہدری کا انکشاف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2017ء) پاکستان میںہونے و الے بین الاقوامی سطح کے پروریسلنگ ایونٹ کے سابق منیجر قمر چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ریسلنگ کے حالیہ تمام شیڈولڈ میچز فکسڈ ہیں ، بادشاہ خان پہلوان اور شاہد الحق کے درمیان ہونے والی بات چیت سے میچ فکسنگ بے نقاب ہوگئی اس حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں جبکہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مذکورہ ایونٹ کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔

منگل کوپاکستان میںہونے والی پروریسلنگ کے سابق ایونٹ منیجر قمر چوہدری نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ سی ایس ڈبلیو نامی کمپنی کے تحت حارث عرف بادشاہ خان پہلوان نے شاہد الحق کے ساتھ ملکر پاکستان میں ہونے والے بین الاقوامی ریسلنگ مقابلوں کی میچ فکسنگ کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ بادشاہ خان پہلوان اور شاہد الحق کے درمیان ہونے والی بات چیت سے میچ فکسنگ بے نقاب ہوگئی۔

میچ فکسنگ کی بنیاد پر ہونے والی انٹر نیشنل ریسلنگ پاکستان کی بد نامی کا باعث بن سکتی ہے انہوںنے کہاکہ شاہد الحق نے اپنی کمپنی کے ساتھ بھی فراڈکیا ایڈوانس رقم اور لیپ ٹاپ لیکر فرار ہوگیا۔قمر چوہدری نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والے ریسلنگ کے تمام میچز پر بڑے پیمانے پر جوالگایا گیا ہے۔انہوںنے بتایا کہ اس سے قبل ہونیو الے ایونٹ میں میچ فکسنگ کی اطلاعات پر میں نے ان لوگوں کو ایسا کر نے سے روکا کہ اس سے پاکستان کی بد نامی ہوگی جس پرانہوںنے مجھے بھی اپنے ساتھ شامل ہونے کا کہا اوربڑی ر قم کی پیشکش کی تاہم میرے انکار پر مجھے دھمکیاں دی گئیں اور بلیک میلنگ کی کوشش کی گئی۔

انہوںنے کہاکہ چھ ماہ کے بعد اب ریسلنگ کے جو میچز ہونے جارہے ہیں ان تمام میچز کو فکس کیا جا چکا ہے اس حوالے سے میرے پاس مکمل شواہد موجود ہیں جس میں وٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو بھی شامل ہے جس سے متعلقہ لوگ انکار نہیں کر سکتے انہوںنے حکومت ، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ میں اس حوالے سے ہر طرح کی معلومات فراہم کر نے کیلئے تیار ہوں۔

انہوںنے بتایا کہ ہماری درخواست پر اسلام آبادکی عدالت نے مذکورہ ایونٹ کے خلاف حکم امتناع جاری کر تے ہوئے ملک کے تین بڑے شہروں ( آج )بدھ سے ہونے والے پروریسلنگ مقابلے روکنے کا حکم دیا ہے یہ حکم ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد سید فیضان حیدرکی عدالت نے پاکستان میں پروریسلنگ متعارف کرانے والی کمپنی ماسکام سلوشنز کی درخواست پر جاری کیا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حارث عرف بادشاہ خان ، فلیش گارڈن ، شاہد الحق نے پیر عاصم اور راجہ ریاض سے فراڈ کے ذریعے ان کا منصوبہ چرالیا ہے اور معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر عدالت نے پاکستان سپورٹس بورڈ ، حکومت اور دیگر فریقین فوری طورپر یہ پراجیکٹ روکنے کاحکم جاری کیا ہے۔ ۔
وقت اشاعت : 17/05/2017 - 18:42:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :