بھارت کی کھیل کے میدان میں پاکستان کی شدید مخالفت کا سلسلہ دراز ہو گیا

بھارت نے سکواش، ہاکی اور کرکٹ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر کبڈی کے دروازے بھی بند کر دئیے پرو کبڈی لیگ میں اگر پاکستانی کھلاڑیوں منتخب کر لیا جائے تو بھی منتظمین انہیں نہیں کھلا سکتے اور اس بات کا فیصلہ ہندوستانی حکومت کرے گی کہ انہیں کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں،بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل

منگل 23 مئی 2017 14:26

بھارت کی کھیل کے میدان میں پاکستان کی شدید مخالفت کا سلسلہ دراز ہو گیا
دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) بھارتی حکومت نے کھیلوں کے میدان میں بھی پاکستان کی مخالفت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اسکواش، ہاکی اور کرکٹ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر کبڈی کے دروازے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔کبڈی میں پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے اور یہی وجہ تھی کہ ہندوستان میں ہونے والے وائیوو پرو کبڈی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کا قوی امکان تھا لیکن ہندوستان نے اس میدان میں پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی ہے۔

کبڈی لیگ میں پاکستان سمیت 16 ملکوں کے کھلاڑیوں کے نام شامل تھے اور اس سلسلے میں کھلاڑیوں کیلئے بولی کے عمل کا آغاز 25 جون سے ہونا ہے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کا نام بولی کے آغاز سے ایک ماہ قبل ہی نکال دیا گیا اور انہیں صرف ریزرو کھلاڑی کی حیثیت سے رکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کے وزیر کھیل وجے گوئل نے کہا کہ اگر پاکستانی کھلاڑیوں منتخب کر لیا جائے تو بھی منتظمین انہیں نہیں کھلا سکتے اور اس بات کا فیصلہ ہندوستانی حکومت کرے گی کہ انہیں کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان دہشت گردی سے جان نہیں چھڑاتا، ان سے کھیلنا ناممکن ہے۔یاد رہے کہ 2014 میں ایونٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں چھ پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی لیکن 2015 میں یہ تعداد کم ہو کر چار رہ گئی تھی اور شیو سینا کے احتجاج کے سبب پاکستانی کھلاڑی اس کے بعد لیگ کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
وقت اشاعت : 23/05/2017 - 14:26:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :