پاکستان اوربھارتی کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات 29مئی کو دبئی میں متوقع

ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کے باعث ہونے والے نقصان پر بات چیت کی جائے گی

بدھ 24 مئی 2017 15:48

پاکستان اوربھارتی کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات 29مئی کو دبئی میں متوقع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے حکام کی ملاقات 29 مئی کو دبئی میں متوقع ہے جس میں ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کے باعث ہونے والے نقصان پر بات چیت کی جائے گی۔پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کے ’بگ تھری‘ فارمولے کی حمایت کے جواب میں یہ معاہدہ طے پایا تھا، جس کی وجہ سے بھارت، آسٹریلیا اور برطانیہ کو سب سے زیادہ مالی فوائد حاصل ہوئے تھے تاہم بگ تھری تنازعات کا شکار ہونے کے باعث رواں سال اپریل میں ختم کردی گئی۔

بی سی سی آئی کے اس دعوے کے بعد کہ ان کی حکومت کی جانب سے سیریز کیلئے گرین سگنل نہیں دیا گیا پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی پر 6 کروڑ 94 لاکھ ڈالر معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے چیف شہریار خان، ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اس پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے جو سی کے کھنا کی سربراہی میں بی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ’اگر دونوں بورڈ کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے تو بعد ازاں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن کی موجودگی میں دوبارہ مذاکرات ہوں گے‘۔انھوں نے بتایا کہ ’اگر یہ مذاکرات بھی ناکام رہے تو اس معاملے کو آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے کی کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا‘۔ذرائع نے بتایا کہ ’پی سی بی 2013 میں بھارت میں منعقد ہونے والی ایک روزہ سیریز کے باقی 3 میچز کے انعقاد کا مطالبہ بھی کررہا ہے جو پاکستان یا کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے جاسکتے ہیں‘۔
وقت اشاعت : 24/05/2017 - 15:48:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :