پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیار

قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان اگست میں ہوگا، چیئر مین پاکستان بلائنڈ کر کٹ کونسل سید سلطان شاہ

ہفتہ 27 مئی 2017 13:36

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) آئندہ سال ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے تاہم ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان رواں سال اگست میں کیا جائے گا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ورلڈ ون ڈے بلائنڈ کرکٹ کپ کی میزبانی دی ہے۔

ورلڈ کپ آئندہ سال جنوری میں ہوگا جس کے میچز پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔سید سلطان شاہ نے بتایا کہ عالمی کپ کیلیے اب تک6 ممالک نے شرکت کی تصدیق کی ہے جس میں آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں سے 2 ٹیموں کا انتخاب کیا جائیگا، انھوں نے کہا کہ عالمی کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، بلائنڈ کرکٹ کونسل نے وفاقی، سندھ اور پنجاب حکومت سے ورلڈ کپ کیلیے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ11سال بعد عالمی کرکٹ کپ کی میزبانی ملی ہے، ایونٹ کو یادگار بنانے کیلیے تمام ٹیموں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنا ہوگی۔چیئرمین سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلیے قومی ٹیم کے انتخاب کیلیے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان رواں سال اگست میں کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی ورلڈ کپ کیلیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے حتمی منظوری کیلیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو بھجوائیں گے۔
وقت اشاعت : 27/05/2017 - 13:36:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :