آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم لاہور سے انگلینڈ روانہ

ٹیم نے بھرپور محنت کیساتھ تیاری کی ہے جو ورلڈ مقابلوں کے دوران نظر آئیگی، ثناء میر

جمعہ 2 جون 2017 20:18

آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم لاہور سے انگلینڈ روانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2017ء) آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم لاہور سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگئی۔ٹیم لاہور کرکٹ اکیڈمی سے بذریعہ بس علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں انگلینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم جب بھی کھیلنے جاتی ہے بہترین پرفارمنس دیتی ہے۔

قومی ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھرپور محنت کے ساتھ تیاری کی ہے جو ورلڈ مقابلوں کے دوران نظر آئے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم کی تمام کھلاڑی با صلاحیت ہیں اور پاکستان کو میچ میں فتح دلا سکتی ہیں۔انہوں نے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت سے جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ورلڈ کپ 2017 کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان ثنا میر، اسماویہ اقبال، عائشہ ظفر، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، غلام فاطمہ، جویریہ خان، کائنات امتیاز، مرینہ اقبال، ناہدہ خان، نین عابدی، نشرہ سندھو، سعدیہ یوسف، سدرہ نواز اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔گیاہویں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کا انعقاد انگلینڈ کے شہر لندن میں کیا گیا ہے جو 24 جون سے 23 جولائی تک جاری رہے گا۔

ایونٹ میں آسٹریلوی ٹیم دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے شرکت کر رہی ہے جبکہ دیگر ٹیموں میں میزبان انگلینڈ، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2017 میں اپنا پہلا میچ 25 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف، دوسرا میچ 27 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف، تیسرا میچ 2 جولائی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف، چوتھا میچ 5 جولائی کو دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف، پانچواں میچ 8 جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف، چھٹا میچ 11 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جبکہ ساتواں اور آخری گروپ میچ 15 جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا ہے جس نے اب تک 10 میں سے 6 مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ تین مرتبہ انگلینڈ اور ایک مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی۔پاکستان ٹیم نے چوتھی مرتبہ ویمن ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ ایونٹ کی تاریخ میں پاکستانی ٹیم کی سب سے بہترین کارکردگی 2009 میں نظر آئی جب پاکستان نے ایونٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
وقت اشاعت : 02/06/2017 - 20:18:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :