فیفا انڈر 20 ورلڈکپ ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا

منگل 6 جون 2017 10:20

فیفا انڈر 20 ورلڈکپ ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا
سیول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفاکے زیر اہتمام جاری فیفا انڈر 20 ورلڈکپ فٹ بال ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا۔ میگا ایونٹ کا سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگیا ہے یورو گوئے، وینزویلا، اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلزجمعرات کو کھیلے جائینگے، پہلا سیمی فائنل میچ یورو گوئے اور وینزویلا کی ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل میں اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری میگا ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ امریکہ اور پرتگال کی ٹیمیں شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ اٹلی، انگلینڈ، یوروگوئے اور وینزویلا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ہیں جو 8 جون کو سیمی فائنلز میں آمنے سامنے ہونگی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وینزویلا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

یوروگوئے نے پرتگال کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 5-4 گولز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلینڈ نے میکسیکو کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دی جبکہ اٹلی نے زیمبیا کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گولز سے برابری پر ختم ہوا تاہم اضافی وقت میں اٹلی نے مزید ایک گول کر کے مقابلہ 3-2 سے جیتا۔
وقت اشاعت : 06/06/2017 - 10:20:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :