جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان

بھارت کیخلاف بدقسمتی سے جو پلان بنایا تھا اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے،میچ میں نوجوان کھلاڑیوں نے دبائو زیادہ لے لیا تھا،پوری توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے، کیمپ میں پلیئرز کا مورال بلند ہے اور ٹیم پر پورا اعتماد ہے،جنوبی افریقہ کیخلاف احمد شہزاد کی جگہ فخر زمان اور ریاض کی جگہ جنید خان کھیلیں گے،کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس

منگل 6 جون 2017 19:32

جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں فتح کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کردیا۔برمنگھم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں نوجوان کھلاڑیوں نے دبائو زیادہ لے لیا تھا لیکن اب کوشش ہے کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف شکست کو بھول جائیں۔

بھارت کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں 124 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے اگلے دونوں میچوں میں لازمی فتح درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہمارا پلان تھا کہ عماد وسیم سے آغاز میں بالنگ کروائیں اور ویرات کوہلی کیخلاف اپنے اہم بائولر کو استعمال کریں۔

(جاری ہے)

سرفراز کا کہنا تھا کہ ہم نے 40 اوورز تک میچ پر کنٹرول رکھا ہوا تھا لیکن آخری اوورز میں ہماری بالنگ اچھی نہیں کی جس کے سبب ساری محنت رائیگاں گئی،سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد مایوس تھے، اب پوری توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے جب کہ کیمپ میں پلیئرز کا مورال بلند ہے اور ٹیم پر پورا اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ میں کم بیک کریں گے، فخر زمان اور اظہر علی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل کچھ نیا کرنے کی بات کی تھی جس پر سرفراز نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے جو پلان بنایا تھا اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور احمد شہزاد کی جگہ فخر زمان کو کھلایا جائے گا جبکہ وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کھیلیں گے۔یاد رہے کہ وہاب ریاض بھارت کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط ہے لیکن ہم اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
وقت اشاعت : 06/06/2017 - 19:32:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :