سپورٹس نیوز )

ْچیمپیئنز ٹرافی:محمود اللہ اور شکیب کی سنچریاں، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی شکیب الحسن مین آف دی میچ قرار

ہفتہ 10 جون 2017 01:06

کارڈف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2017ء) انگلینڈ اور ویلز میں کھیلنے جانے والی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے نویں اور اہم میچ میں بنگلہ دیش نے محمود اللہ اور شکیب الحسن کی شاندار سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ شکیب الحسن مین آف دی میچ قرار پائے ۔جمعہ کو ٹورنامنٹ کے کئی اور میچوں کی طرح بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا ٹورنامنٹ کا نواں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا جہاں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 266 رنز کا ہدف دیا۔

میچ شروع ہونے کے بعد مارٹن گپٹل اور لیوک رانچی نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کی شروعات کی اور بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضی اور مستفیظ الرحمان نے بولنگ کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

سکور جب 46 رنز پر پہنچا تو آج کے میچ میں ٹیم میں شامل ہونے والے تسکین احمد نے آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر رانچی کو کیچ آؤٹ کرا دیا جو 16 رنز بنا سکے۔69 کے سکور پر اپنا دوسرا اوور کرانے والے روبیل حسین نے گپٹل کو 33 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کے لیے دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے 50 رنز کی شراکت جوڑی۔ کپتان ولیمسن نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لگاتارتیسرے میچ میں نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ راس ٹیلر کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد کین ولیمسن 57 رنز بنا کر 30ویں اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔تسکین احمد نے 39ویں اوور میں راس ٹیلر کو ایک ہلکی گیند کرا کر جھانسا دیا اور ان کو آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

راس ٹیلر نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 63 رنز بنائے۔اس میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کا حصہ بننے والے مصدق حسین نے 44ویں اوور میں نیوزی لینڈ کو دہرا نقصان پہنچایا جب انھوں نے پہلے برووم کو 37 رنز پر آؤٹ کر دیا اور دو گیند کے بعد کورے اینڈرسن اپنی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔بنگلہ دیش نے اننگز کے آخری مراحل میں اپنی نپی تلی بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 46ویں اوور کی آخری گیند پر مصدق حسین نے جمی نیشم کو 23 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی تیسری اور ٹیم کے لیے ساتویں کامیابی حاصل کر لی۔

بنگلہ دیش نے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا جب مستفیض نے ایڈم ملنے کو سات رنز پر بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ حاصل کر لی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 265 رنز بنائے ۔ جواب میں بنگلہ دیش نے 266 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔بنگلہ دیش نے جب اپنی بیٹنگ شروع کی تو ان کے سب سے کامیاب بلے باز تمیم اقبال پہلے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر بغیر کوئء رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

تیسرے اوور میں ٹم ساؤتھی نے ایک اور وکٹ حاصل کی جب صابر رحمان بھی آٹھ رنز بنا کر وکٹ کیپر رانچی کو کیچ دے بیٹھے۔ٹم ساؤتھی نے اپنی خطرناک بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پانچویں اوور میں سومیا سرکار کو آؤٹ کر دیا جنھوں نے صرف تین رنز بنائے۔12ویں اوور میں کپتان مشفق الرحیم، جن کی سالگرہ بھی تھی ، نے ایڈم ملنے کو ایک شاندار چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ 14 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے جس کے ساتھ بنگلہ دیش کی ٹورنامنٹ میں رہنے کی امیدیں مدہم پڑ گئیں۔

ابتدائی وکٹوں کے نقصان کے بعد شکیب نے بنگلہ دیش کو سہارا دیا او رٹیم کی کامیابی میں دو سو رنز سے زائد شراکت داری نے اہم کردار ادا کیا۔دونوں بلے بازوں نے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا بلکہ اپنی اپنی سنچری بھی مکمل کی۔شکیب الحسن 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمود اللہ 102 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔شکیب الحسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔نیوزی لینڈ شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی سیمی فائنل میں رسائی تب تک یقینی نہیں ہوگی جب تک انگلینڈ آج ( ہفتہ ) کو ہونے والے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے دے۔انگلینڈ چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہلے ہی پہنچ چکاہے ۔
وقت اشاعت : 10/06/2017 - 01:06:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :