چیمپئنز ٹرافی ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو گا

اتوار 11 جون 2017 20:58

چیمپئنز ٹرافی ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو گا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11جون۔2017ئ)بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گیارہویں میچ میں جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت کو جیت کے لیے 192رنز کا ہدف دیا ۔لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقی اوپنر نے ٹیم کو76رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد آملا 35رنز بنا کر ایشون کا شکار بن گئے ، وکٹ کیپر بلے باز کوئٹن ڈی کوک نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جدیجہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ،کپتان ڈیویلیئرز اچھی فارم میں نظر آرہے تھے لیکن 16رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے،ڈیوڈ ملر بھی 1رن بنا کر پوویلین جابیٹھے،فاف ڈوپلیسی 36رنز سکور کرنے کے بعد پانڈیا کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔

(جاری ہے)

کرس مورس اور اینڈیل پھلکوائیو4،4رنز بنا کر بمراہ کا شکار بنے ، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 191رنز بنا کر پوولین لوٹ گئی ، ڈومنی 20رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، بھارت کیلئے کمار اور بمراہ نے 2،2جبکہ ایشون ، پانڈیا اور جدیجہ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی صرف 23 رنز کی شراکت داری قائم کرسکے جس کے بعد روہت شرما 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جب کہ شیکھر دھون نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 151 کے مجموعی سکور پرعمران طاہر کا نشانہ بنے، ویرات کوہلی اور یوراج سنگھ نے دفاعی چیمپئن کو جتواکر سیمی فائنل مقابلے کا ٹکٹ دلوا دیا ۔

قبل ازیں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور امیش یادیو کی جگہ روی چندرن ایشون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقا نے وین پارنیل کی جگہ اینڈیل پھلکوائیو کو ٹیم میں شامل کیا ۔

وقت اشاعت : 11/06/2017 - 20:58:42