انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی فتح پر سابق کرکٹرز خوشی سے نہال

جمعرات 15 جون 2017 15:05

انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی فتح پر سابق کرکٹرز خوشی سے نہال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2017ء) انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی فتح پر سابق کرکٹرز خوشی سے نہال ہو گئے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان کی کامیابی نے سابق کرکٹرز کو بھی خوشی سے نہال کردیا ہے۔ عامر سہیل نے کہا کہ بولرز نے حریف ٹیم کو 250 رنز کے اندر آئوٹ کرکے ہی فتح کی بنیاد رکھی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی اچھی کرنے سے کامیابی ملتی ہے، گرین شرٹس بہادری سے لڑے،اوپنرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، انھوں نے کہا کہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے حریف کی پرواہ کیے بغیر فائنل میں بھی ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، اگر بولرز اپنے مقصد میں کامیاب رہے تو بیٹسمینوں کا حوصلہ بھی بڑھ جائے گا، فخر زمان بہت اچھا کھیل رہے ہیں، ان کی عمدہ بیٹنگ کی وجہ سے حریف پر دبا بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یونس خان نے کہا کہ ٹیم کا فائنل تک رسائی حاصل کرنا پوری قوم کیلیے فخر اور اعزاز کی بات ہے، ان کھلاڑیوں نے زیادہ عمدہ پرفارم کیا جنھیں میگا ایونٹ سے قبل ہلکا سمجھا جا رہا تھا، رومان رئیس نے ڈیبیو میچ کا دبا لیے بغیر عمدہ بولنگ کی تاہم ایک سوال پر سابق کپتان نے کہاکہ محمد عامر ٹیم کے سینئر کھلاڑی ہیں، سری لنکا کے خلاف میچ میں انھوں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی انتہائی عمدہ کی، فائنل کیلیے ان کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے،امید ہے کہ وہ فٹ ہوجائیں گے۔
وقت اشاعت : 15/06/2017 - 15:05:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :