سارو گنگولی نے عامر سہیل کے سرفرازاحمد کے حوالے سے دئیے گئے بیان کو احمقانہ قرار دیدیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ہربھجن سنگھ کا عامر سہیل کے بیان پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 17 جون 2017 12:52

سارو گنگولی نے عامر سہیل کے سرفرازاحمد کے حوالے سے دئیے گئے بیان کو احمقانہ قرار دیدیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2017ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل کے سرفرازاحمد کے حوالے سے دئیے گئے بیان کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے احمقانہ قرار دیدیا۔ایک انٹرویو میں گنگولی نے عامر سہیل کے بیان پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان احمقانہ،مضحکہ خیز ہے۔

انہوںنے کہاکہ جس نے اپنے ملک کیلئے کرکٹ کھیلی ہو اور ٹیم کی قیادت کی ہو اس کو اپنی ٹیم کو جس طرح وہ فائنل تک پہنچنے ہیں اس پر داد دینی چاہیے۔گنگولی نے چمپیئنزٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں ،ْکوئی اسٹرکچر نہیں ،ْفرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوتی ،ْان کے ہوم گراؤنڈ میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہورہی اور دیکھئے انھوں نے کس کو ہرایا ہے، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انگلینڈ کو شکست دے کر چمپیئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان نے عامر سہیل کے بیان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے اس کو مکمل طور پر مضحکہ خیز پایا اور میں عامر کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں کیونکہ ہم دوست رہے ہیں لیکن انھیں یہ سب کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا۔گنگولی نے ٹیم پر اس بیان سے اثر پڑنے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑی اس طرح کی چیزوں کے عادی ہیں اور یہ میں پہلی مرتبہ نہیں سن رہا ہوں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ہربھجن سنگھ نے عامر سہیل کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔ہربھجن سنگھ کے مطابق مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کے قابل عزت کرکٹرز میں شمار ہوتے ہوں گے لیکن آپ اس طرح کی چیزیں کریں گے اور اپنی ٹیم کی عزت نہیں کریں گے تو آخر میں آپ (عامر سہیل) اپنی عزت کھو دیں گے۔انہوںنے کہاکہ مجھے اس وقت بہت برا لگتا ہے جب کھلاڑی سخت محنت کرتے ہیں اور آپ کے سابق کپتان اور سابق کھلاڑی ٹیم کے حوالے سے بری باتیں کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/06/2017 - 12:52:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :