اولمپئن شہباز فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں سینٹرل اور ملیر کی کامیابی

پیر 19 جون 2017 18:38

اولمپئن شہباز فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں سینٹرل اور ملیر کی کامیابی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ملیر نے اولمپئن شہباز 5اے سائیڈ انٹرڈسٹرکٹ فلڈ لائٹ ہاکی چیمپئن شپ میں اپنے میچز جیت لئے۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی ہاکی کمپلیکس گلشن اقبال میں جاری ایونٹ میں گزشتہ شب ڈسٹرکٹ کورنگی اور ڈسٹرکٹ سائوتھ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔میڈیا کو آرڈی نیٹر جاوید اقبال جونیئر کے مطابق کے ایچ اے کے زیر اہتمام جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا دونوں میچوں میں مجموعی طور پر52گول اسکور ہوئے ۔

ملیر نے سائوتھ کو19-4اور سینٹرل نے کورنگی کو17-12سے مات دی ۔سینٹرل کی جانب سے انس صدیقی اور علی حسن نے پانچ پانچ ،عمران خان اور ابرا ر نے دو دو جبکہ سعد علی اقبال عسکری اور عمران جونیئر نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔

(جاری ہے)

کورنگی کی جانب سے اویس نے آٹھ گول ضرور بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے ۔طلحہ اور احتشام نے دو دو گول کیے،اس میچ میں علی حسین کو مین آف دی میچ ایوار ڈ دیا گیا ۔

ملیر نے سائوتھ کے خلاف ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور بنایا اور19گول داغ دیے ،۔اس کی جانب سے عاصم خان نے سات گول اسکور کیے اور ٹاپ اسکورر رہے ،فہیم خان نے پانچ ،وسیم اسفر نے چار ،عبدالمعید نے دو اور رضوان خان نے ایک گول کیا ۔سائوتھ کی جانب سے سبطین رضا نے دو جبکہ شیری اور عالیان نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔اس میچ میں عاصم خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

گلفراز خان چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی، اعظم خان ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، نسیم حسین، ایم فیضان اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز، عظیم خان آرگنائزنگ سیکریٹری، محسن امپائرز منیجرکے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ان میچوں کے موقع پرانٹر نیشنل جمیل احمد ،مصطفی جمیل ،گلفراز احمد خان ،اعجاز الدین ،اعظم خان ،جاوید اقبال ،طارق خان ،جاوید اقبال جونیئراور دیگر بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 19/06/2017 - 18:38:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :