فائنل میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت سے پاکستان کی کرکٹ کو نئی شناخت ملی ،محمد یوسف ،مصباح الحق ،یونس خان ،وقار یونس

پیر 19 جون 2017 20:52

فائنل میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت سے پاکستان کی کرکٹ کو نئی شناخت ملی ،محمد یوسف ،مصباح الحق ،یونس خان ،وقار یونس
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں مصباح الحق ،وقار یونس ،یونس خان اور محمد یوسف نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت سے پاکستان کی کرکٹ کو نہ صرف نئی شناخت ملی ہے بلکہ اس کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوگیا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کرکٹ کے ماہرین کی تمام پیش گوئیوں کو غلط قرا ر دیدیا ہے اور کافی عرصہ کے بعد ایک بڑا ٹائٹل جیتا ہے ۔

انہوں نے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ان کی ٹیم کو تاریخی فتح پر مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کھیل کے ہر شعبہ میں بھارتی ٹیم کو آئوٹ کلاس کیا ۔

(جاری ہے)

جونیئر کھلاڑیوں نے بہترین اور سینئر کھلاڑیوں نے ذمہ دار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔نوجوان بلے باز فخر زمان اور سینئر بلے باز محمد حفیظ اور اظہر علی نے بیٹنگ میں بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور بعد میں ہماری بولنگ نے بھارتی ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ۔

وقار یونس نے کہاکہ پاکستان کی فتح سے قومی کرکٹ میں بہتری آئے گی ۔ہمیں اسوقت فتح ملی ہے جب ہماری ٹیم ورلڈ رینکنگ میں 8ویں نمبر پر تھی ۔یونس خان نے کہا کہ قومی ٹیم کی فائنل میں پرفارمنس کو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ تھا ۔فتح نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔اس فتح کے ساتھ ٹیم نے دنیا کی بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔

مصباح الحق نے قومی ٹیم کی کامیابی کو انتہائی قیمتی قرار دیا ۔پاکستان ٹیم نے فائنل میں کوالٹی کرکٹ کا مظاہرہ کیا ۔محمد یوسف نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود قومی ٹیم کی فتح ایک بڑا کارنامہ ہے اور مستقبل میں پاکستان کی کرکٹ کے لئے بہت بہتر ثابت ہوگی ۔سابق کپتانوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی سے پتہ چلتا ہے کہ ملکی کرکٹ میں بہتری آرہی ہے ۔اس فتح سے قومی ٹیم میں اعتماد آئے گا اور مستقبل میں بھی ٹیم کامیابیاں حاصل کرے گی ۔
وقت اشاعت : 19/06/2017 - 20:52:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :