انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان اور آئرلینڈ مستقل رکنیت دے دی

افغانستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ درجہ حاصل کرنے والے بالترتیب 11 ویں اور 12 ویں ملک بن گئے

جمعرات 22 جون 2017 23:12

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان اور آئرلینڈ مستقل رکنیت دے دی
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) افغانستان اور آئرلینڈ کو مستقل رکنیت دے دی، اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کو ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ بھی مل گیا، افغانستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ درجہ حاصل کرنے والے بالترتیب 11 ویں اور 12 ویں ملک بن گئے ہیں۔ جمعرات کو آئی سی سی بورڈ نے لندن میں سالانہ جنرل اجلاس میں افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ ممبر شپ دینے پر دستخط کئے جس کے ساتھ ہی اب ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، یہ 17 برس بعد پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کو ٹیسٹ درجہ دیا گیا ہو، آئی سی سی نے 2000ء میں بنگلہ دیش کو ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ دیا تھا۔

افغانستان اور آئرلینڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ ان کے اسٹیٹس کو ایسوسی ایٹ سے ترقی دی جائے جس کی سالانہ اجلاس میں تمام اراکین نے منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

ان دونوں ملکوں کے پاس پہلے سے ہی ٹی20 اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اسٹیٹس موجود تھا۔ افغانستان میں کرکٹ کی تاریخ بہت پرانی ہے اور فٹ بال کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں بھی افغان نوجوان انتہائی دلچسپی لیتے ہیں لیکن افغانستان کو اصل کامیابی اس وقت ملی جب 2011 میں انہیں ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ ملا۔

جنگ زدہ ملک ہونے کے باوجود افغان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے سبب انہیں دو سال بعد ایسوسی ایٹ ملک کا درجہ دے دیا گیا۔ افغانستان نے ورلڈ کپ 2015 اور ورلڈ ٹی20 میں بھی شرکت کی اور اپنے کھیل سے سب سے متاثر کر کے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کیلئے خود کو اہم امیدوار ثابت کردیا۔ 2007 ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے والی آئرش ٹیم نے تسلسل کے ساتھ اچھا کھیل پیش کیا اور انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں کو شکست دی جس کی بدولت وہ بھی ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو دیا گیا تھا جنہوں نے 1877 میں میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ پر پہلا میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد 1889 میں جنوبی افریقہ، 1928 میں ویسٹ انڈیز، 1930 میں نیوزی لینڈ، 1932 میں ہندوستان، 1952 میں پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ دیا گیا۔ اس کے بعد متعدد وجوہات کی بنا پر 30 سال تک کسی بھی ملک کو ٹیسٹ کا درجہ نہیں دیا گیا لیکن پھر 1982 میں سری لنکا کی ٹیم کو یہ مرتبہ دے کر جمود توڑ دیا گیا۔ 1983 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے والی زمبابوے کی ٹیم کو 1992 میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا حق دیا گیا اور پھر 8 سال بعد 2000 میں بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی حقدار قرار پائی۔
وقت اشاعت : 22/06/2017 - 23:12:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :