حالیہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائیگی ،تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی‘ سرفراز احمد

جمعہ 23 جون 2017 13:01

حالیہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائیگی ،تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی‘ سرفراز احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ حالیہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی لیکن اس کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی،بابراعظم ،محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔

بی بی سی کو انٹر ویو میں سرفراز احمد نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد اس عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے ۔اس فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اوراس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب وہ کپتان بنے تو انہوںنے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں مجھے خوشی ہے کہ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

سرفراز احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ،بابراعظم محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کریں گے ۔
وقت اشاعت : 23/06/2017 - 13:01:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :