آئی سی سی کا ورلڈالیون کو پاکستان بھیجنے کا اعلان

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے انعقاد پر اتفاق

ہفتہ 24 جون 2017 12:54

آئی سی سی کا ورلڈالیون کو پاکستان بھیجنے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لندن میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی 'بحالی کے لیی' رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون بھیجنے کا اعلان کردیا۔آئی سی سی بورڈ کے مطابق پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک قدم ہوگا۔

آئی سی سی کے اعلان کے مطابق تمام میچوں کو بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں کا درجہ دیا جائیگا جو لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کردی جائیں گی۔یاد رہے کہ رواں سال لاہور میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب فائنل کے بعد آئی سی سی نے رواں سال ستمبر میں ’ورلڈ الیون‘ کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ میچز کے ذریعے آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی کا مزید اندازہ لگائے گی ،ْ میچز کے بہترین انعقاد پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ورلڈ الیون کی غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم دبئی میں 17 ستمبر کو تشکیل دی جائے گی، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز 22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اسی طرح کے انتظامات کیے جائیں گے جیسے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے کیے گئے تھے۔
وقت اشاعت : 24/06/2017 - 12:54:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :