جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرا دیا

دونوں ٹیموں کے درمیان 3میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر جیسن روئے کی 67 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی‘ کرس مورس مین آف دی میچ قرار

ہفتہ 24 جون 2017 15:46

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرا دیا
ٹائونٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، میزبان انگلش ٹیم 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکی، پہلکوایو نے ا?خری اوورز میں 12 رنز کا دفاع کر کے میزبان ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جیسن روئے کی 67 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، کرس مورس کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ٹائونٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلش قائد این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، کپتان اے بی ڈی ویلیئرز 46 اور سمٹس 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہینڈرکس 7، منگالیزو 15، ڈیوڈ ملر 8، فرحان بہاردین 32، کرس مورس 12 اور پہلکوایو بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ٹام کیورن نے 3، لیام پلنکٹ نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلے، کرس جورڈن اور ڈاسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں انگلش ٹیم سرتوڑ کوشش کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 171 رنز بنا سکی، 15 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیسن روئے اور جونی بیئرسٹو نے میدان سنبھالا، دونوں نے ڈٹ کر پروٹیز بائولرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 110 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 125 تک پہنچا دیا تاہم اس کے بعد دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے آئوٹ ہو گئے اور ان کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکا، روئے کی 67 اور بیئرسٹو کی 47 رنز کی اننگز ناکافی ثابت ہوئی، ثام بیلنگز 3، لیونگسٹون 16، جوز بٹلر 10 اور کپتان مورگن 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈاسن 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مورس نے 2 جبکہ پیٹرسن اور پہلکوایو نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 24/06/2017 - 15:46:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :