سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا کو ایک سال کے لئے معطل کردیا

بدھ 28 جون 2017 13:31

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا کو ایک سال کے لئے معطل کردیا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کردہ خصوصی انکوائری پینل کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے خود پر عائد الزامات کو تسلیم کیا اور معافی بھی مانگی جس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فاسٹ بولر کو ایک سال کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم چھ ماہ کی سزا معطل تصور کی جائے گی اور اگر اس عرصے کے دوران ملنگا نے دوبارہ کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی تو پھر ان پر سزا کا اطلاق ہوجائے گا۔

اس کے علاوہ ملنگا سے ایک ون ڈے میچ کی فیس کا 50 فیصد حصہ بطور جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ سزا کے باوجود وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ان کا نام 13 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا جاچکا ہے ،ْملنگا کے خلاف تحقیقات کرنے والی تین رکنی انکوائری کمیٹی میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا، سی ای او ایشلے ڈی سلوا اور ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ اسیلا ریکاوا شامل تھی۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر سری لنکا کے وزیر کھیل نے کہا تھا کہ کرکٹرز بہت موٹے اور مقابلے کی سکت نہیں رکھتے جس پر لسیتھ مالنگا نے وزیر کا بندر سے موازنہ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 28/06/2017 - 13:31:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :