سابق کریبین کپتان ڈیرن سیمی ویسٹ انڈین کرکٹ کے مستقبل سے انتہائی فکرمند

جمعہ 30 جون 2017 15:19

سابق کریبین کپتان ڈیرن سیمی ویسٹ انڈین کرکٹ کے مستقبل سے انتہائی فکرمند
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جون2017ء) سابق کریبین کپتان ڈیرن سیمی کو ملکی کرکٹ کے مستقبل کی فکر لاحق ہو گئی ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ حالات میں بڑے ناموں کی انٹرنیشنل ڈیوٹی پر جلد واپسی کی کوئی امید ہے۔ بیشتر نامور کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کے بجائے دنیا بھر میں کھیلی جانیوالی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

ویسٹ انڈین سلیکٹرز ملکی ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو ہی قابل غور سمجھتے ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر رہے ہوں اور اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ کرس گیل اور مارلن سیمیولز جیسے پلیئرز کیریبین سائیڈ کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ 33 سالہ سابق آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی کھلاڑی کو بیرون ملک لیگز کھیلنے سے نہیں روک سکتے کیونکہ انہیں اس طرح اپنے خاندانوں کی دیکھ بھال کیلئے مالی استحکام مل رہا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرن سیمی کے مطابق موجودہ کرکٹ کا ڈھانچہ انہیں بہتری کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتا اور خدشہ یہ ہے کہ مزید تنزلی کے بعد ان کی ٹیم کو آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلنا ہوگا جو انتہائی مایوس کن بات ہو گی۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ویسٹ انڈین کرکٹ کو ٹھیک کرنا چاہتا ہے تو اسے ہر فارمیٹ کے موزوں کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہوگا اور کوشش کرنا ہو گی کہ انہیں مختلف ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے مواقع بھی ملیں لیکن موجودہ انتظامیہ کے ہوتے ایسا ہونا ممکن نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 30/06/2017 - 15:19:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :