معاملات طے نہ ہونے پر آسٹریلین کھلاڑیوں نے اے ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

پیر 3 جولائی 2017 12:54

معاملات طے نہ ہونے پر آسٹریلین کھلاڑیوں نے اے ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2017ء) آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن اور کرکٹ بورڈ کے درمیان معاوضے کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے اور معاملات طے نہ ہونے پر کھلاڑیوں نے اے ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔سڈنی میں کھلاڑیوں کی یونین کا ایمرجنسی اجلاس ہوا جس میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے نئے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں 12 جولائی سے شروع ہونے والے اے ٹیم کے دورے کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں خواتین کھلاڑیوں سمیت 230 کے قریب کھلاڑی بے روزگار ہوں گے جبکہ رواں سال ہونے والی ایشز سیریز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔کرکٹ بورڈ کے سربراہ الیسٹرنیکولسن کے مطابق منصوبے کے تحت کھلاڑی کیمپ میں جارہے ہیں اور امید ہے کہ ہم معاہدے کے معاملے پر بہتری لاسکیں گے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اے ٹیم کے کپتان عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اتنا آسان نہیں ہے لیکن ہم متحد ہیں اور ہم اس ہفتے بھی ٹریننگ پر جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس کا کوئی حل نکل سکے لیکن اگر نہیں نکلا تو پھر ایک مشکل فیصلہ کیا جا چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ دورہ نہ کرنے کا فیصلہ ایک طرح سے قربانی ہے تاہم ہمارے سامنے بڑا مقصد ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان سرمایے میں کھلاڑیوں کو ملنے والے حصے کے برخلاف کھلاڑیوں کو صرف معاوضے میں اضافے کے فیصلے پر اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد کھلاڑیوں نے اپنے اعتراضات کو کھل پر پیش کیا۔
وقت اشاعت : 03/07/2017 - 12:54:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :