ویمنزورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی ،فتح کا مزہ نہ چکھ سکی

آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 159 رنز سے شکست ، ایونٹ کی چوتھی ہار بن گئی 290رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس 131رنز پر ہی ڈھیر ،ثناء میر 45رنز بنا کر نمایاں رہیں ، ارم جاوید 21، عائشہ ظفر 16، اسماویہ اقبال 10رنز بنا سکی،آسٹریلیا کی جانب سے بیمز اور گارڈنر نے 3 ،3 وکٹیں حاصل کیں آسٹریلیا کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ایلسا ہیلی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی

بدھ 5 جولائی 2017 23:35

ویمنزورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی ،فتح کا مزہ نہ چکھ سکی
لیسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2017ء) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 159 رنز سے شکست دیدی ۔انگلینڈ کے شہر لیسٹرمیں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اووز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 131 رنز پر ڈھیرہوگئی۔ کینگروز کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوورز میں ملی جب اوپنر ناہیدہ خان بغیر کوئی رنز بنائے جونیسن کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔

16 رنز پرعائشہ ظفر ایلے کا شکار ہوگئیں انہوں نے 8 رنز بنائے جب کہ ان کے بعد آنے والی نین عابدی اور مرینہ اقبال نے بالترتیب 7 اور 9 رنز بنائے ، دونوں کھلاڑیوں کو کرسٹن بیمز نے آئوٹ کیا۔ ارم جاوید اور اسماویہ اقبال بھی بالترتیب 21 اور 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، گرین شرٹس کی جانب سے کپتان ثنا میر نے سب سے زیادہ 45 رنز بنائے اور گارڈنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئیں، ان کے علاوہ کوئی پاکستانی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکا اور پوری ٹیم 50 ویں اوور کی آخری گیند پر آئوٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے بیمز اور گارڈنر نے 3 ،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایلے نے 2 اور جونیسن نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر290 رنز بنائے، آسٹریلوی کپتان ریچل ہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو پہلی کامیابی پہلے ہی اوور میں حاصل ہوئی جب کینگروز اوپنر بیتھ مونی کوئی رنز بنائے بغیر اسماویہ اقبال کی گیند پر آئوٹ ہوگئیں۔

گرین شرٹس کو دوسری کامیابی 7 رنز پر حاصل ہوئی جب نکول بولٹن بھی 3 رنز بنا کر دیانا بیگ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئیں۔ 60 کے مجموعی اسکور پر ریچل ہینز بھی ثنا میر کا شکار ہوگئیں انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی چوتھی آئوٹ ہونے والی بلیبازایلس ولانی تھیں جو کہ 143 کے مجموعی اسکور پر 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں انہیں مرینہ اقبال نے کلین بولڈ کیا۔

وکٹ کیپر بلے باز ایلسا ہیلی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بلیک ویل ، گارڈنر اور ایلے نے بالترتیب 23 ،22، اور 15 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جب کہ سعدیہ یوسف نے 2، اسماویہ،دیانا اور مرینہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 05/07/2017 - 23:35:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :