ون ڈے ٹیم کے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنےکی راہ میں حائل آخری کانٹا بھی نکل گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 جولائی 2017 19:19

ون ڈے ٹیم کے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنےکی راہ میں حائل آخری کانٹا بھی نکل گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار07جولائی ۔2017ء) قومی ون ڈے ٹیم کے ورلڈ کپ 2019 ءمیں براہ راست کوالیفائی کرنے کی راہ میں حائل آخری کانٹا بھی نکل گیاہے ،نئی رینکنگ میں نوویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز سے فاصلہ مزید بڑھا لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کے اختتام پر نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے ،کوہلی الیون نے سیریز تو 3-1سے اپنے نام کی تاہم کلین سویپ نہ کرنے پانے کے باعث آسٹریلیا کو دوسری پوزیشن سے محروم کرنے کاموقع کھویا اور ایک میچ ہارنے کے باعث 2پوائنٹس سے بھی محروم ہوئے جس کے ساتھ ہی اب بلیو شرٹس 114پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پرموجود ہیں ۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم کو ایک میچ جیتنے پر ایک ہی پوائنٹ ملا اور اب اس کا ورلڈ کپ 2019ءمیں براہ راست کوالیفائی کرنا تقریبا ناممکن ہوگیا ہے اور کوئی معجزہ ہی اسے ورلڈ کپ میں براہ راست اینٹری دلوا سکتا ہے ۔ نئی رینکنگ میں جنوبی افریقہ119پوائنٹس کے ساتھ پہلے ،آسٹریلیا 117پوائنٹس کے ہمراہ دوسرے ، انگلینڈ 113پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ، نیوزی لینڈ 111پوائنٹس کے ہمراہ 5ویں،پاکستان95پوائنٹس لیکر چھٹے ، سری لنکا94پوائنٹس کے ساتھ 7ویںاور بنگلہ دیش 92پوائنٹس کے ہمراہ 8ویں نمبر پر موجود ہے ۔
وقت اشاعت : 07/07/2017 - 19:19:52