الوداع مانچسٹر یونائیٹڈ، وین رونی ایورٹن کا حصہ بن گئے

پیر 10 جولائی 2017 14:27

الوداع مانچسٹر یونائیٹڈ، وین رونی ایورٹن کا حصہ بن گئے
مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2017ء)مانچسٹر یونائیٹڈ اور انگلینڈ کے سابق کپتان وین رونی 13 سال اولڈ ٹریفورڈ میں گزارنے کے بعد بالآخر دوبارہ اپنے سابقہ کلب ایورٹن کا حصہ بن گئے ہیں۔31 سالہ عالمی شہرت یافتہ اسٹار کتنی فیس پر ایورٹن آئے ہیں ابھی اس کا علم نہیں ہو سکا جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر ٹرانسفر کے ذریعے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ بن تھے۔

کلب میں واپسی پر پرجوز رونی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ کلب بالکل صحیح سمت میں گامزن ہے اور وہ اچھے معیاری کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنا رہے ہیں۔ میں اس کا حصہ بننا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ٹیم کا کامیاب حصہ رہوں گا۔پریمیئر لیگ میں عالمی سطح پر رونی اس وقت ابھر کر سامے آئے تھے جب 16سال کی عمر میں ایورٹن کی جانب سے آرسینل کے خلاف شاندار گول اسکور کیا تھا اور پھر دو سال بعد 32.23 ملین ڈالر کی خطیر رقم پر ان کا یونائیٹڈ میں ٹرانسفر ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمپیئنز لیگ میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے ڈیبیو کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک داغ کر شائقین کے دل جیت لیے تھے اور اس کے بعد کلب کیلئے 550 میچز کھیلتے ہوئے 253 گول کیے اور بوبی چارلٹن کا ریکارڈ توڑتے ہوئے سب سے زیاد گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔رونی نے 17 سال کی عمر میں انگلینڈ کیلئے پہلا میچ کھیلا اور وہ 53 گول کر کے انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں جبکہ وہ اپنے ملک کیلئے سب سے زیادہ 119 میچز کھیلنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کا حصہ بننے سے قبل وین رونی نے 2002 سے 2004 تک ایورٹن کی 77 میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 17 گول اسکور کیے۔گزشتہ سیزن میں ساتویں نمبر پر اختتام کرنے کے بعد ایورٹن کی ٹیم نے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا ہوا اور وین رونی کو ٹیم کا حصہ بنانا اسی عمل کا حصہ ہے۔انہیں ایک ایرانی نژاد برطانوی تاجر کی مکمل حمایت حاصل ہے جس کے بل بوتے پر وہ اس سیزن 90ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کریں گے اور اس سلسلے میں گول کیپر گورڈن پک فورڈ، ڈیفنڈر مائیکل کین، ڈیوی کلاسن اور دیگر اہم کھلاڑی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 10/07/2017 - 14:27:56