انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے تینوں شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہو گی، ہاشم آملہ

منگل 11 جولائی 2017 14:02

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے تینوں شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہو گی، ہاشم آملہ
لندن ۔ 11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2017ء) جنوبی افریکن کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کیلئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کیلئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے اور میزبان ٹیم کو شکست دیکر سیریز میں شاندار کم بیک کرینگے۔

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 211 رنز سے شکست دی تھی۔ اپنے انٹرویو میں سٹار بلے باز ہاشم آملہ نے کہا کہ موجودہ کمبی نیشن کے ساتھ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست پر مایوسی ہوئی تاہم وہ شکست کو بھلا کر آئندہ میچ کے لئے میدان میں اتریں گے اور کوشش ہوگئی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جو غلطیاں ہوئیں وہ دوبارہ نہ دوہرائیں۔ ہاشم آملہ نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں کامیابی کے لئے سرتوڑ کوشش کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 14 جولائی سے ٹرینٹ برج، نوتنگھم میں شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 11/07/2017 - 14:02:45