کولمبو ٹیسٹ کا دوسرا روز، سری لنکا نے 7 وکٹ کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے، اپل تھرنگا اور چندیمل کی نصف سنچریاں

ہفتہ 15 جولائی 2017 17:40

کولمبو ٹیسٹ کا دوسرا روز، سری لنکا نے 7 وکٹ کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے، اپل تھرنگا اور چندیمل کی نصف سنچریاں
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2017ء) سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 293رنز بنا لئے اور اسے زمبابوے کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 63 رنز درکار ہیں۔ اپل تھرنگا اور دنیش چندیمل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ گریم کریمر نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں ٹیسٹ کے دوسرے روز زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 356 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

کریگ ارون نے 160 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ رنگنا ہیراتھ نے پانچ جبکہ لاہیرو کمارا اور اسیلا گونارتنے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام 7 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے اور اسے 63 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ دیمتھ کرونارتنے اور اپل تھرنگا نے 84 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

(جاری ہے)

کرونا رتنے 25 رنز بناکر تریپانو کا شکار بنے۔

107 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی دوسری وکٹ گر گئی جب کوسال مینڈس 11 رنز بنانے کے بعد گریم کریمر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اپل تھرنگا 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوئے۔ کپتان دنیش چندیمل اور اینجلو میتھیوز نے چوتھی وکٹ میں 96 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 212 تک پہنچا دیا۔ چندیمل 55 اور میتھیوز 41 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ نروشن ڈکویلا زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بناکر کریمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

دلروان پریرا سری لنکا کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے اور اسے 63 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ اسیلا گونارنتے 24 اور رنگنا ہیراتھ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ گریم کریمر نے تین جبکہ ڈونلڈ تریپانو اور شان ولیمز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 15/07/2017 - 17:40:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :